اپوزیشن ایوان میں آئے ان کی تحاریک پیش ہوں گی، شاہ محمود قریشی

بول نیوز  |  Jan 26, 2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہناہے کہ عوامی مفاد کے معاملات کو پارلیمان میں اٹھایا جانا چاہیے، اپوزیشن ایوان میں آئے ان کی تحاریک پیش ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ بات اپوزیشن کی جانب سے تحریک التوا کی جانب توجہ دلانے پر کی۔

وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کی تحاریک التوا کو قانون کے مطابق ایوان میں اٹھایا جائے گا، گزشتہ پانچ سال میں کتنی عوامی مفاد کہ تحاریک التوا کو مسترد کیا گیا ہے؟

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر کا کہناتھا کہ بجلی کی قیمتوں پر تحریک التوا پیش کرنا چاہتے ہیں، دو روپے بجلی کی قیمت بڑھ گئی، سرکولر ڈیبٹ اربوں روپے میں پہنچ چکا ہے۔

ان کا کہناتھا کہ پارلیمان میں عوامی معاملات کو اٹھانے نہیں دیا جاتا، اپوزیشن کی تحاریک التوا ایوان میں پیش نہیں کی جاتیں، عوامی مسائل پارلیمنٹ پی نہیں اٹھائیں گے تو عوام کا اعتماد پارلیمان پر ختم ہوگا۔

رہنما پیپلز پارٹی نوید قمر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی تحاریک التوا کو قانون کے مطابق ایوان میں اٹھایا جائے گا۔

-->
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More