بلوچستان کے عوام کی ترقی بھی پنجاب کی طرح عزیز ہے،عثمان بزدار

بول نیوز  |  Jan 26, 2021

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی بھی پنجاب کی طرح عزیز ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر خوراک و بہبود آبادی سردار عبدالرحمن کھیتران کی سربراہی میں وفد کی ملاقات ہوئی جس میں صوبائی وزیر عبدالرحمن کھیتران اور وفد نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کورونا سے صحت یابی پر مبارکباد دی جبکہ بلوچستان سے آنے والے وفد کے شرکاء نےعثمان بزدار کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بلوچستان سے آنے والے مہمان ہمارے لئے بے حد محترم ہیں، پنجاب کے عوام بلوچستان سمیت پاکستان کے ہر خطے کے لوگوں سے دلی لگاؤ رکھتے ہیں

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بلوچستان میں تعلیم اور صحت کے مختلف منصوبے شروع کئے ہیں جبکہ خیبر پختونخواحکومت کے ساتھ بھی تعاون کر رہے ہیں۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ کوہ سلیمان کے علاقوں میں موٹر سائیکل ایمبولینس سروس شروع کی جا رہی ہے جبکہ کوہ سلیمان میں صحت کی سہولتوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ کوہ سلیمان میں بجلی اور 4 جی نیٹ ورک پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا تحفہ ہے، کوہ سلیمان کے 13 دروں پر چھوٹے ڈیم بنانے کے منصوبوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے یکساں مواقع کے ویژن پر عمل پیرا ہیں، ڈیرہ غازی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے بارکھان اور دیگر علاقوں کے عوام بھی مستفید ہوں گے-

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ کوہ سلیمان کے علاقوں میں امن و امان یقینی بنانے کے لئے بلوچ لیویز اور بارڈر ملٹری پولیس میں بھرتیاں کر رہے ہیں، سنگھڑ ندی سے میگا ڈیم بنا کر پانی کی ضروریات پوری کرنے کا اہتمام کریں گے-

اس موقع پر صوبائی وزیر بلوچستان سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب ترقی کررہا ہےاور عثمان بزدار پنجاب کے بہترین وزیر اعلی ثابت ہو رہے ہیں۔

-->
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More