حکومت نے رواں سال کیلئے زکوۃ کا نصاب مقرر کردیا

سماء نیوز  |  Apr 11, 2021

فائل فوٹو

حکومت پاکستان کی جانب سے رواں سال زکوۃ کا نصاب 80، 933 مقرر کیا گیا ہے۔

حکومت پاکستان کے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کی جانب سے اسلامی سال 43-1442 ہجری (مالی سال 21 -2020) کیلئے زکوۃ کے نصاب سے متعلق نوٹی فیکیشن جاری کر دیا گیا۔

تخفیفِ غربت اور سماجی تحفظ ڈویژن کی جانب سے اسٹیٹ بینک کو بھی نوٹیفکیشن ارسال کیا جائے گا، جس کے بعد اسٹیٹ بینک دیگر بینکوں کو زکوٰۃ کے نصاب سے آگاہ کرے گا۔

جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق یکم رمضان کو بینک اکاؤنٹس سے زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے گی۔ زکوٰۃ کی کٹوتی کا اطلاق سیونگ بینک اکاؤنٹس اور پرافٹ اینڈ لاس شیئرنگ اکاؤنٹس پر ہوگا۔ جب کہ 80ہزار 933 روپے بیلنس رکھنے والے دیگر بینک اکاؤنٹس سے بھی زکوۃ کٹوتی کی جائے گی۔

کمپنی اکاؤنٹ، کرنٹ اکاؤنٹ یا وہ صارفین جنہوں نے زکوٰۃ نہ کاٹنے کا ڈکلیریشن بینک میں جمع کرایا ہے، ان کے اکاؤنٹ سے زکوٰۃ نہیں کاٹی جائے گی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال 2020 میں زکوٰۃ کا نصاب 46 ہزار 329 روپے مقرر کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ زکوٰۃ اسلام کے 5 ارکان میں سے ایک ہے۔ اس کے تحت بالغ مسلمان پر ساڑھے 7 تولہ سونا، ساڑھے 52 تولہ چاندی، یا دونوں میں سے کسی ایک کی مالیت کے برابر نقدی یا سامانِ تجارت، یا یہ سب ملا کر یا ان میں سے بعض ملا کر مجموعی مالیت چاندی کے نصاب کے برابر بنتی ہو تو ایسے شخص پر اُس مال پر سال پورا ہونے کے بعد ڈھائی فیصد بطور زکوٰۃ ادا کرنا فرض ہوجاتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More