کیمرج امتحانات سےمتعلق کوئی بھی فیصلہ پورےملک پر لاگو ہوگا،ایڈیشنل اٹارنی جنرل

سماء نیوز  |  Apr 22, 2021

فوٹو: سماء ڈیجیٹل

 ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ کیمرج کے امتحانات اگر ہوں گے تو پورے ملک میں ہوں گےاور اگر امتحانات نہیں ہوئے تو پورے ملک میں نہیں ہوں گے۔

سندھ ہائی کورٹ میں اے او لیول کے فزیکل امتحانات سے متعلق طلبا کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔سندھ ہائی کورٹ میں کیمرج وکیل نے امتحانات کے طریقہ کار سے متعلق دستاویزات پیش کردیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ملک بھر کے طلبہ و طالبات نے درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔ لاہور، اسلام آباد، پشاور ہائی کورٹ میں بھی درخواستیں زیر سماعت ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ نے اس کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

اٹارنی جنرل نے مزید بتایا کہ پنجاب میں کرونا وائرس کی صورتحال زیادہ خطرناک ہے۔ سندھ حکومت کے وکیل نے بھی ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے موقف کی تائید کی۔انھوں نے مزید کہا کہ اس صورت حال میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار بہتر رہے گا۔ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ پورے ملک پر ہی نافذ ہوگا اور اطلاع ہے کہ لاہور ہائی کورٹ آج ہی فیصلہ سنانے جا رہی ہے اس لئے سندھ ہائی کورٹ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرے۔

عدالت نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا موقف آچکا ہے۔ عدالت نے درخواست گزاروں کے وکلا کو اپنے دلائل دینے کی ہدایت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اے لیول 10 مئی اور او لیول کے 26 مئی کو امتحانات ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ کرونا صورتحال کے باعث امتحان کے لیے اکٹھا کرنا خطرناک ہوگا۔ کیمرج طلبہ کے وکیل جبران ناصر نے کہا کہ اے لیول، او لیول امتحانات صوبائی معاملہ ہے۔ کرونا سےمتعلق بیشترپالیسی وفاقی حکومت طے کررہی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More