بینکنگ فراڈ: سابق بینک منیجر کو 28 سال قید کی سزا

سماء نیوز  |  Apr 22, 2021

کوئٹہ کی مقامی عدالت نے کروڑوں روپے کی خورد برد کا جرم ثابت ہونے پر نجی بینک کے سابق برانچ منیجر کو 28 سال قید کی سزا سنادی۔ بینکنگ فراڈ کا مقدمہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے دائر کیا گیا تھا۔

مقدمے کے مطابق مسلم کمرشل بینک حب چوکی برانچ کے سابق منیجر سید ابن الحسن نقوی نے تین سال قبل لسبیلہ انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (لیڈا) کے فنڈز میں 2 کروڑ روپے کی بدعنوانی کی تھی۔

ایف آئی اے کے مطابق لیڈا کی جانب سے بینک میں فکسٹ ڈیپازٹ کی غرض سے 2 کروڑ روپے جمع کرائے گئے تھے تاہم ملزم نے جعلی دستاویزات فراہم کرکے رقم بینک میں جمع کرانے کی بجائے لوٹ لی تھی۔

ایف آئی اے بلوچستان کے ڈائریکٹر عبدالحمید بھٹو کی سربراہی میں ایف آئی اے ٹیم نے ملزم کیخلاف چالان اور شواہد بینکنگ کورٹ کوئٹہ میں جمع کرائے تھے۔

بینکنگ کورٹ کوئٹہ کے جج منیر احمد مری نے گزشتہ روز جرم ثابت ہونے پر سید ابن الحسن نقوی کو مجموعی طور پر 28 سال قید بامشقت اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنادی، جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرم کو مزید 3 سال اور ایک ماہ کی قید کاٹنا ہوگی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More