ہر پاکستانی پونے 2 لاکھ روپے قرضے تلے دب گیا، بلاول بھٹو

ہم نیوز  |  May 08, 2021

کراچی:  بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے 25 سال اس لیے جدوجہد کی کہ ہرپاکستانی کو پونے 2 لاکھ روپے کے حکومتی قرضے کے بوجھ تلے دبا سکیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے 25 سال اس لیے جدوجہد کی کہ ہر پاکستانی کو پونے 2 لاکھ روپے کے حکومتی قرضے کے بوجھ تلے دباسکیں۔

انہوں نے کہا کہ قرضوں کے خلاف جھوٹی مہم چلا کر پی ٹی آئی حکومت اب تک 33 ارب ڈالر سے زائد کا غیرملکی قرضہ لے چکی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ قرضوں کے سود کی وجہ سے تنخواہوں کی ادائیگی کے بعد ترقیاتی بجٹ تو درکنار دفاعی بجٹ کے لیے بھی حکومت کے پاس پیسے نہیں ہوں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کو کفایت شعاری کا درس دینے والے عمران خان کی حکومت کے شاہانہ اخراجات 28 سالہ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو معاشی ٹیم کا لالی پاپ دینے والے عمران خان کی حکومت سخت شرائط پر قرضے لے کر اپنی آمدنی سے 10 کھرب روپے زیادہ خرچ کر چکی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نرخوں میں سینکڑوں فیصد اضافے کے بعد بھی صرف بجلی کے شعبے میں ڈھائی کھرب روپے اور گیس کے شعبے میں گردشی قرضہ 350 ارب روپوں سے زیادہ ہوچکا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More