سینیٹ سے امریکی تاریخ  پہلے مسلمان جج کی نامزدگی کی توثیق

وائس آف امریکہ اردو  |  Jun 11, 2021

ویب ڈیسک — امریکی سینیٹ نے زاہد قریشی کی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ یہ امریکی تاریخ میں پہلے مسلمان فیڈرل جج ہوں گے۔

سینیٹ نے جمعرات کو زاہد قریشی کی نیو جرسی کے ضلعی جج کے طور پر تقرری کی منظوری دے دی۔ اس سلسلے میں ہونے والی ووٹنگ میں ان کے حق میں 81 جب کہ مخالفت میں 16 ووٹ پڑے۔

سینیٹ میں ججوں کی منظوری کی فہرست میں زاہد قریشی تیسرے جج ہیں جن کی منظوری دی گئی ہے۔

ووٹنگ سے قبل سینیٹ میں اکثریتی ڈیموکریٹ پارٹی کی لیڈر چک شومر نے کہا کہ مسٹر قریشی امریکی تاریخ میں پہلے مسلمان آرٹیکل تھری فیڈرل جج ہوں گے۔ ہمیں نہ صرف اپنی آبادی کے تنوع بلکہ پیشہ وارانہ تنوع کو وسعت دینا چاہیے اور مسٹر قریشی اس کی ایک توانا مثال ہیں۔

ڈیموکریٹک پارٹی سینیٹر ڈک ڈربن نے کہا کہ قریشی کی خدمات کا ریکارڈ شاندار ہے اور یہ پاکستانی تارک وطن کے بیٹے ہیں۔

مارچ میں صدر بائیڈن نے قریشی کو نامزد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اپنی نامزدگی کے بعد اپریل میں زاہد قریشی سینیٹ کی عدالتی کمیٹی کے رو برو شہادت کے لیے پیش ہوئے تھے۔

SEE ALSO:صدر بائیڈن نے پاکستانی امریکی زاہد قریشی کو وفاقی جج نامزد کردیازاہد قریشی امریکہ میں بسنے والی مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے ان دس امریکی ماہرین قانون میں شامل ہیں، جنہیں صدر بائیڈن نے امریکہ کے وفاقی نظام انصاف میں بطور جج نامزد کیا تھا۔

صدر نے قانون اور انصاف کے شعبوں کے ماہرین کی بطور وفاقی جج نامزدگی کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ امیدوار امریکہ کے شعبہ قانون میں موجود بہترین ذہن ہیں۔

صدر بائیڈن نے کہا کہ ان میں سے ہر ایک امریکی آئین کے مطابق غیر جانبدارانہ طور پر انصاف مہیا کرنے کی قابلیت رکھتا ہے۔ اور نامزد امیدواران امریکہ کے اس تنوع، تجربہ اور تناظرکی نمائندگی کرتے ہیں، جو امریکہ کو ایک مضبوط ملک بناتا ہے۔

زاہد قریشی اس وقت ریاست نیو جرسی میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ جج کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور وہ وفاقی عدالت کے بنچ پر فائز ہونے والے پہلی ایشیائی امریکی جج ہیں۔

زاہد قریشی امریکی قانون اور نظام انصاف میں کام کرنے کا طویل تجربہ رکھتے ہیں۔ جون 2019 سے نیو جرسی میں مجسٹریٹ جج بننے سے پہلے وہ رائیکر ڈینزیگ کمپنی کے وائٹ کالر کریمینل ڈیفینس اینڈ انویسٹیگیشن گروپ کے چیئرمین تھے۔

وہ اس کمپنی کے پہلے چیف ڈائیورسٹی آفیسر بھی تھے۔

انہیں ریاستی اور وفاقی سطح پر جرائم کے پیچیدہ مقدمے لڑنے اور کارپوریشنوں میں تفتیش کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔ انہوں نے اپنی وکالت کے کیرئیر میں حکومتی عمل داری کے نفاذ اور قواعدو ضوابط پر پابندی کے معاملے سے متعلق کیسز پر کام کیا ہے ۔

پاکستانی امریکی اور امریکی مسلمانوں کی تنظیموں نے زاہد قریشی کی نامزدگی کا خیر مقدم کیا ہے ۔ یاد رہے کہ صدر بائیڈن نے اپنی انتظامیہ میں اس سے پہلے تین پاکستانی امریکیوں کو شامل کیا ہے جن میں ٹیکنالوجی کمپنی کے مالک دلاورسید بھی شامل ہیں جنہیں صدر نے سمال بزنس ایڈمنسٹریشن کے ڈپٹی ایڈ منسٹریٹر کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے جب کہ ایک پاکستانی امریکی سلمان احمد محکمہ خارجہ اور دوسرے پاکستانی امریکی علی زیدی وائٹ ہاوس کی آب و ہو اکی کمیٹی میں شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More