خیبرپختونخوا بجٹ: نوجوانوں کیلئے 10لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے

سماء نیوز  |  Jun 18, 2021

خیبرپختونخوا نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نوجوانوں کیلئے 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے دینے کا اعلان کردیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مجموعی طور پر 37 فیصد اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 10 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے خیبرپختونخوا کا آئندہ مالی سال 22-2021 کا بجٹ پیش کردیا۔ بجٹ کیلئے ایک ہزار 118 ارب روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں، 199 ارب روپے ضم اضلاع کیلئے جبکہ 919 ارب روپے باقی صوبے کیلئے مختص کئے گئے۔

صوبائی وزیرخزانہ نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ 25 ہزار نوجوانوں کیلیے 20 ہزار روپے سے 10 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 371 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جو کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔ ترقیاتی بجٹ کے 100 ارب روپے ضم شدہ جبکہ 271 ارب روپے باقی اضلاع میں خرچ ہوں گے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کا خیال رکھنا چاہتے تھے کیونکہ پچھلے دو سال تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوسکا، اس لئے اس سال اضافہ کررہے ہیں، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مجموعی طور پر 37 فیصد اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 10 فیصد اضافہ کیا جارہا ہے، 10 فیصد ایڈہاک ریلیف تمام سرکاری ملازمین کو ملے گا اور سرکاری رہائش نہ رکھنے والے ملازمین کے ہاؤس رینٹ میں 7 فیصد اضافہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنشن اخراجات کو کم کرنے کیلئے نظام میں اصلاحات لارہے ہیں، صوبے میں ریٹائرمنٹ کی کم از کم عمر 55 سال اور سروس کی حد 25 سال کردی گئی ہے۔

تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ تعلیم کیلئے 27 ارب روپے، شاہراؤں کی تعمیر کیلئے 48 ارب، صحت کے شعبہ کیلئے 142 ارب، محکمہ خزانہ کیلئے 42 ارب، کھیل، سیاحت و ثقافت کیلئے 20 ارب اور توانائی کیلئے 17 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More