محمد رضوان کا ٹی 20 کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا عالمی ریکارڈ

اردو نیوز  |  Jul 31, 2021

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ کے دوران کیلنڈ ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سنیچر کو کھیلا جانے والا میچ سولہویں اوور میں بارش سے روکا گیا تو اس سے پہلے ہی پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز سب سے زیادہ ٹی 20 رنز کا ریکارڈ اپنے نام کر چکے تھے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ آئرلینڈ کے کھلاڑی پال سٹرلنگ کے نام تھا جنہوں نے 2019 میں 20 اننگز میں 748 رنز بنائے تھے۔

محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اننگز میں 43 واں رنز بنایا تو وہ ایک سال کے دوران محض 14 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے۔

محمد رضوان کی جانب سے اعزاز اپنے نام کیا گیا تو پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت دیگر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں خوب سراہا۔

محمد رضوان نے 36 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چوکے اور دو چھکے بھی شامل تھے۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ کی بارش سے متاثرہ اننگز میں پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے تھے۔

قبل ازیں 16ویں اوور کے اختتام پر بارش کی وجہ سے کھیل روکا گیا تو پاکستانی ٹیم نے دو وکٹیں کھو کر 134 رنز بنائے تھے۔ بارش رکنے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑی سکور میں خاطر خواہ اضافہ کیے بغیر آؤٹ ہوتے چلے گئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More