سوشل میڈیا: نازیبامواد سے متعلق پی ٹی اے کی رپورٹ جاری

سماء نیوز  |  Nov 21, 2021

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین کیلئے نازیبا ویڈیوز روکنے میں حکومت 98 فیصد تک کامیاب ہوگئی ہے۔

سوشل میڈیا پر فحش اور نازیبا مواد پھیلانے والوں کو لگام دینے کےلیے حکومت کی کوششیں کامیاب ہونے لگیں، بین الاقوامی کمپنیوں نے پی ٹی اے کی ہدایات پر عمل شروع کردیا۔

پی ٹی اے رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے 9 لاکھ 16 ہزار سے زائد شکایات میں سے نو لاکھ چار ہزار سے زائد پر کارروائی کی۔ ہدایات پر عملدرآمد کی شرح 98 فیصد سے زائد رہی ۔

رپورٹ کے مطابق مثبت مقاصد کیلئے تعاون کی دوڑ میں ٹک ٹاک سب سے آگے ہے اور مذکورہ ایپ انتظامیہ نے 43 ہزار 493 شکایات پر 99  فیصد نازیبا ویڈیوز ہٹا دی۔ شکایات پر 95 فیصد کارروائی کے ساتھ اسنیک ویڈیوز دوسرے جبکہ 86 فیصد شرح کے ساتھ لائیکی تیسرے نمبر پر ہے۔

حکام کے مطابق یوٹیوب نے 10 ہزار قابل اعتراض ویڈیوز میں 9 ہزار سے زائد بلاک کرکے 82 فیصد کارروائی کی۔ معاشرتی اقدار کیخلاف مواد ہٹانے میں 53 فیصد مثبت اقدامات کے ساتھ فیس بک کا پانچواں نمبر رہا۔

ٹویٹر نے ساڑھے چار ہزار سے زائد نازیبا پیغامات میں سے لگ بھگ دوہزار بلاک کیے،شرح  46 فیصد رہی جبکہ انسٹا گرام نے 36 فیصد سے زائد شکایات کا ہی ازالہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق غیر معروف ویب سائیٹس نے پی ٹی اے سے غیر معمولی تعاون کیا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More