سمندری راستے سے برطانیہ جانے والے 27 افراد ڈوب کرہلاک

سماء نیوز  |  Nov 25, 2021

برطانیہ میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے کی کوشش میں فرانس کے شہر کیلے کے قریب سمندر میں 27 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

تارکین وطن فرانس سے ایک کشتی کے ذریعے برطانیہ جانے کی کوشش میں سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے جن میں 5 خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہیں، جبکہ 2 افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا۔

واقعے کے بعد برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں نے انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف مشترکہ کاوشوں میں تیزی لانے کا اعلان بھی کیا ہے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ تارکین وطن سے بھری یہ کشتی کیلے شہر کے قریب ڈنکرک سے برطانیہ کے لیے روانہ ہوئی جہاں کے مچھیروں نے بتایا ہے کہ اس وقت بہتر موسم کی وجہ سے معمول سے زیادہ تر تارکین وطن نے سمندر کے ذریعے برطانیہ جانے کی کوشش کی۔

حکام کے مطابق اس دن 25 کے قریب کشتیوں نے انگلش چینل عبور کرنے کی کوشش کی تھی لیکن ایک کشتی ڈوب گئی جسے دیکھ کر سمندر میں مچھلی کے شکار کی غرض سے نکلی ایک کشتی نے حکام کو مطلع کیا اور فرانس اور برطانیہ کی کوششوں کے نتیجے میں 2 افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا۔

فرانس کے وزیر داخلہ جیرالڈ ڈارمینن کے مطابق اس کمزور کشتی پر 34 افراد موجود تھے جن میں سے ایک اب تک لاپتہ ہے جب کہ واقعے کے بعد 4 انسانی اسمگلرز کو بیلجیئم کی سرحد سے گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More