پیپلز پارٹی کی طرف سے حلقہ میں ووٹوں کی خرید و فروخت کی مذمت کرتا ہوں، علی پرویز ملک

بول نیوز  |  Nov 28, 2021

ایم این اے پاکستان مسلم لیگ ن علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے حلقہ میں ووٹوں کی خرید و فروخت کی مذمت کرتا ہوں۔

علی پرویز ملک نے این اے 133 الیکشن میں پیپلز پارٹی کی طرف سے جاری کردہ مسلم لیگ ن کی ووٹ خریدنے کی ویڈیو پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کی طرف سے حلقے میں ووٹوں کی خرید و فروخت کے مکروہ دھندہ کی مذمت کرتا ہوں، امید ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اس مکروہ دھندہ پر نوٹس لے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جوابی طور پر ہماری جعلی ویڈیو کے زریعے مہم چلانے کی کوشش کی ہے، لاہور بالخصوص حلقہ این اے 133 کی عوام نے ان کی جھوٹی کیمپین کو مسترد کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں پرویز ملک مرحوم نے اس حلقے سے 90 ہزار ووٹ لیے اور ووٹوں کی مکروہ خرید و فروخت کرنے والی پیپلز پارٹی نے اس کا دسواں حصہ بھی حاصل نہ کیا۔

علی پرویز ملک کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو چاہیے کہ اس دھندے کا نوٹس لے کر اس کو فوری بند کرائیں۔

واضح رہے کہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پاکستان پیپلز پارٹی پر مبینہ طور پر ووٹ خریدنے کا الزام عائد کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے کارکن محمد عارف کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو باقاعدہ تحریری شکایت درج کروائی گئی۔

پاکستان الیکشن کمیشن کو جمع کروائی گئی شکایت کے ساتھ ووٹ خریداری کے ویڈیو ثبوت بھی جمع کروائے گئے ۔

شکایت میں موقف اپنایا گیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار اسلم گل کی طرف سے حلقہ این اے 133 میں ووٹوں کی خریداری جاری ہے۔

شکایت میں بتایا گیا کہ امیدوار کے مرکزی انتخابی دفتر، پیکو روڈ اور مادر ملت روڈ پر فیصل میر کے ڈیرے ووٹ خریداری کے بڑے مراکز ہیں۔

شکایت میں کہا گیا کہ ووٹروں کے شناختی کارڈ چیک کر کے ان کی مذہبی کتاب پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کو ووٹ دینے کا حلف لے کر فی کس 2 ہزار روپے دئیے جا رہے ہیں۔

شکایت کے مطابق ووٹوں کی خریداری الیکشن ایکٹ کے سیکشن 167، 168 اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 174 کے تحت قابل سزا جرم ہے۔

درخواست گزار کا موقف ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے ذرائع سے ان معلومات اور شکایت کی تصدیق کر سکتا ہے، پہلے بھی ایسی شکایت درج کروائی گئی تھی لیکن ثبوت نہ ہونے کا کہہ کر اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا تھا، الیکشن کمیشن ووٹوں کی خریداری کے لئے رشوت اور کرپٹ پریکٹسز روکنے کا پابند ہے۔

الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ اسلم گل اور ان کے ساتھیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور اسلم گل کو نااہل قرار دیا جائے۔

Square Adsence 300X250
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More