ایکواڈورکی جیل میں 2 گروپوں کےدرمیان تصادم،44قیدی ہلاک

سماء نیوز  |  May 10, 2022

جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کی ایک جیل میں 2 مخالف جرائم پیشہ گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم ازکم 44 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایکواڈور کے دارالحکومت کیوٹو کے نواحی علاقے سانتو ڈومن گو ڈی لاس کولوراڈوز کی بیلیوسٹا جیل میں 2 متحارب گروپوں لاس لوبوس اور آرسیون کے کارندوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔جھگڑے نے خونی شکل اختیار کرلی اوردونوں گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں اب تک کم از کم 44 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔زخمی قیدیوں کو ٹرکوں اور ایمبولنسوں کی مدد سے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔تصادم کی اطلاعات ملنے کے بعد قیدیوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد جیل کے باہر پہنچ گئی اور وہ اپنے پیاروں کی خیریت معلوم کرنے کے لئےبےچین تھے۔ایکواڈور کی پبلک پراسیکیوٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جیل میں حالات بتدریج بہتر ہورہے ہیں۔ایکواڈور کے وزیر داخلہ پیٹریکو کیریلو نے تصادم سے متعلق بتایا کہ تصادم کے دوران 220 قیدی جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے، جن میں 112 کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا جب کہ 108 مفرور قیدیوں کی تلاش جاری ہے۔ایکواڈور کی جیلوں میں قیدیوں کے درمیان تصادم کے واقعات عام ہیں، گزشتہ برس بھی ایک جیل میں اسی نوعیت کے ایک واقعے میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More