چندرکانت سیتارام پنڈت: سابق انڈین کرکٹر کا نام انڈیا کے کرکٹ گراؤنڈز میں کیوں گونج رہا ہے؟

بی بی سی اردو  |  Jun 28, 2022

Kunal Patil/Hindustan Times via Getty Imagesچندرکانت سیتارام پنڈت

انڈیا کے سابق وکٹ کیپر بلے باز چندرکانت سیتارام پنڈت کا نام ان دنوں انڈیا کے کرکٹ میدانوں میں بہت گونج رہا ہے۔ لیکن ان کی تعریف ایک کرکٹر کے بجائے ایک کوچ کے طور پر ہو رہی ہے۔

اپنی کوچنگ میں انھوں نے انڈیا کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش کو پہلی بار ’رانجی ٹرافی‘ کا چیمپیئن بنایا ہے۔ خیال رہے کہ رانجی ٹرافی انڈیا کی فرسٹ کلاس کرکٹ کی سب سے اہم لیگ ہے۔ وہ 23 سال پہلے یعنی 1999 میں بطور کپتان جو کام نہیں کر پائے تھے وہ بطور کوچ کر دکھایا۔ خیال رہے کہ ان کی کپتانی میں ان کی ٹیم فائنل میں پہنچی تھی۔

اسے محض اتفاق ہی کہا جا سکتا ہے کہ وہ فائنل بھی بنگلور کے اسی چنّاسوامی سٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا جہاں حال ہی میں ہی میں ختم ہونے والا رانجی ٹرافی کا فائنل کھیلا گیا۔ بہر حال 23 سال بعد فرق صرف اتنا تھا کہ چندرکانت پنڈت کی کپتانی میں مدھیہ پردیش فائنل میں کرناٹک سے ہار گئی تھی لیکن اس بار ایسا نہیں ہوا۔

اس بار مدھیہ پردیش نے رنجی ٹرافی میں 41 مرتبہ کی چیمپیئن ممبئی کو شکست دے کر تاریخ رقم کی ہے۔

یہ کارنامہ اس ٹیم نے آدتیہ سریواستو کی قیادت میں انجام دیا جو مدھیہ پردیش کی پہلی بار قیادت کر رہے تھے۔ کپتان چندرکانت پنڈت کے ہاتھ سے جو ٹرافی چھوٹ گئی تھی اسے پنڈت نے نم پلکوں کے ساتھ کوچ کے طور پر تھام رکھا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ فائنل جیتنے کے بعد انھوں نے کہا کہ ’ہر ٹرافی خوشی دیتی ہے لیکن یہ خاص ہے۔ ان تمام سالوں کے دوران میں نے ہمیشہ یہ محسوس کیا کہ میں نے کہیں کچھ کھو دیا ہے، اس لیے میں بہت جذباتی ہوں۔‘

بہر حال 23 برسوں کے افسوس کا خاتمہ بالآخر خوشی پر ہوا۔ ویسے چندرکانت پنڈت کی کوچ کے طور پر یہ کامیابی نئی نہیں ہے۔ بطور کوچ یہ ان کا چھٹا رانجی ٹرافی ٹائٹل ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ وہ ممبئی کو تین بار اور ودربھ کو دو بار رانجی ٹرافی چیمپیئن بنا چکے ہیں۔ ان کی کوچنگ میں ودربھ کی سنہ 2018 اور 2019 میں دو بار چیمپیئن بنی۔

مدھیہ پردیش کے کپتان آدتیہ سریواستو نے بھی ٹائٹل جیتنے کا سہرا کوچ چندرکانت پنڈت کے سر دیا اور کہا کہ ان سے ہی انھیں قیادت کے نکات معلوم ہوئے۔

ورلڈ کپ کھیل چکے ہیںAdrian Murrell/Getty Imagesچندرکانت سیتارام پنڈت، 1986 کی تصویر

چندرکانت پنڈت انڈیا کے سابق وکٹ کیپر بلے باز ہیں۔ وہ سنہ 1987 کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں شامل تھے۔ وہ میچ ممبئی میں کھیلا گیا تھا جہاں وہ دلیپ وینگسرکر کی جگہ ٹیم میں شامل ہوئے اور انھوں نے 24 رنز بنائے۔ انڈیا اس سیمی فائنل میں ہار گیا تھا۔

اس کے علاوہ چندرکانت پنڈت نے پانچ ٹیسٹ میچ اور 36 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں میں بھی انڈیا کی نمائندگی کی ہے۔آخر چندرکانت پنڈت کی کوچنگ میں ایسی کیا خاص بات ہے جس نے انھیں انڈیا کی ڈومیسٹک کرکٹ کا سب سے کامیاب کوچ بنا دیا ہے؟

ان کی کوچنگ کے بارے میں کرکٹ ناقد وجے لوک پلّی کا کہنا ہے کہ بطور کوچ مدھیہ پردیش کو رنجی ٹرافی کا چیمپیئن بنانا ان کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’راولپنڈی ایکسپریس‘ کی جگہ اب ’کشمیر ایکسپریس‘ کا دور آنے والا ہے!

پانچ دن کی روایتی کرکٹ سے 60 گیندوں تک، کرکٹ مزید کتنی چھوٹی ہو گی؟

جب فاسٹ بولر کی گیند سے زخمی ہونے پر بلے بازوں سے پولیس نے رابطہ کیا!

وہ کہتے ہیں: ’ایک بار جب ممبئی نے انھیں مسترد کر دیا تو انھوں نے ودربھ کو چیمپیئن بنایا۔ اب مدھیہ پردیش کو چیمپیئن بنایا جس نے کبھی یہ ٹرافی نہیں جیتی تھی۔ مدھیہ پردیش کی کرکٹ کی تاریخ بہت اچھی رہی ہے۔ لیکن یہ صرف چندرکانت پنڈت کی ہی سوچ تھی ہر کھلاڑی ذہنی طور پر مضبوط ہو اور نئے چیمپئن کھلاڑی تیار کریں۔‘

وجے لوک پلی یہ بھی کہتے ہیں: ’چندر کانت پنڈت کھلاڑیوں سے کرکٹ کے بارے میں باتیں کرتے رہتے ہیں۔ وہ کہانیاں سناتے ہیں، مثالوں کے ساتھ وضاحت کرتے ہیں۔ کرکٹ کے بارے میں وہ جو سمجھ رکھتے ہیں، یا وہ جس طرح سے کرکٹ کو حالات کے مطابق سمجھتے ہیں وہ حیرت انگیز ہے۔ ان کی اپروج بہت سادہ اور عملی ہے۔ انھوں نے کبھی بڑے بڑے دعوے نہیں کیے۔‘

وجے لوک پلی نے مزید کہا: ’ان سے بہتر کوچ آج کوئی نہیں ہے۔ وہ ہر وقت لیپ ٹاپ کے بغیر کرکٹ کے بارے میں باتیں کرتے رہتے ہیں۔ انھیں ’کرکٹ کا کیڑا‘ کہا جا سکتا ہے۔ میں انھیں ان کے کھیل کے دنوں سے جانتا ہوں۔ اتنی ساری کامیابیوں کے باوجود ان میں تکبر نہیں۔ وہ صرف اپنا کام کرتے ہیں اور وہ ایک شاندار انسان ہیں۔‘

ٹیم کو چیمپیئن ٹیم میں تبدیل کرناGetty Images

چندرکانت پنڈت کے بارے میں انڈیا کے سابق آل راؤنڈر اور کوچ مدن لال کہتے ہیں: ’مدھیہ پردیش کو چیمپیئن بنانا ان کے لیے بہت بڑی بات ہے کیونکہ رانجی ٹرافی کا سیزن بہت طویل ہوتا ہے۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ایسی جیت سے ٹیلنٹ بھی ابھرتا ہے۔ کھلاڑیوں کو خود پر یقین ہوتا ہے کہ وہ بھی رنجی ٹرافی جیت سکتے ہیں۔ ویسے بھی رانجی ٹرافی انڈیا کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ہے۔ اس میں سینکڑوں کھلاڑی کھیلتے ہیں۔‘

مدن لال نے کھلاڑیوں اور مدھیہ پردیش کے کوچ چندرکانت پنڈت کو بھی خصوصی مبارکباد دی۔ وہ کہتے ہیں: ’ٹھیک ہے، یہ ٹیم ورک ہے جس میں چندرکانت پنڈت بالکل فٹ بیٹھتے ہیں۔ کوچ کی حکمت عملی کو کھلاڑی میدان میں کامیاب بناتے ہیں۔ چندرکانت پنڈت نے دکھایا ہے کہ کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی کی تربیت کیسے دی جا سکتی ہے۔‘

وجے لوک پلی یہ بھی بتاتے ہیں کہ چندرکانت پنڈت کو اس جیت سے بڑی راحت ملی ہو گی۔

مزید پڑھیے

جب ویوین رچرڈز کو دیکھ کر انڈین اداکارہ نینا گپتا کا دل دھڑکا

وسیم اکرم: کالج کی ٹیم کا بارہواں کھلاڑی پاکستانی ٹیم کا فاسٹ بولر کیسے بنا؟

پاکستان کرکٹ کا وہ ’ہتھیار‘ جس کے یارکرز سے بچنے کے لیے سٹیل کیپس پہننے کا مشورہ دیا گیا

ان کا کہنا ہے کہ ’ایک بار انھیں اس گراؤنڈ میں شکست ہوئی تھی، اب اسی گراؤنڈ میں جیت ملی ہے۔‘ ان کا تھوڑا سا جذباتی لگاؤ ضرور ہو گا کہ بطور کوچ مجھے یہاں جیتنا چاہیے لیکن وہ کھلاڑیوں کو پورا کریڈٹ دیتے رہے ہیں۔ انھوں نے اس کا سہرا نہ کبھی اپنے سر لیا ہے اور نہ ہی لیں گے۔ انھیں کبھی کبھی غصہ بھی آتا ہے لیکن سب جانتے ہیں کہ انھیں کھلاڑیوں سے پیار بھی ہے۔

وجے لوک پلی کے مطابق بی سی سی آئی ان کی طرف انڈین کرکٹ میں بڑے کردار کے طور پر دیکھ سکتا ہے۔ وہ کہتے ہیں: ’تمام بڑے نام انڈیا کے کوچ بن چکے ہیں جیسے روی شاستری، انیل کمبلے اور راہول ڈراوڈ، سب کی اپنی جگہ ہے، لیکن جو کچھ چندرکانت پنڈت نے گراس روٹ لیول پر کیا، ان میں سے کسی نے نہیں کیا۔‘

کوچنگ کا نیا انداز

چندرکانت پنڈت کی کوچنگ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ رات ڈیڑھ بجے کھلاڑیوں کو اٹھا کر میدان میں لے جاتے ہیں اور صبح پانچ بجے تک فلڈ لائٹس میں سخت پریکٹس کراتے ہیں۔ اس طرح کی مشق کی وجہ سے یش دوبے، شبھم شرما، رجت پٹیدار اور گورو یادو جیسے کرکٹرز کو ٹیم میں جگہ ملی ہے۔

ویسے، ایک کرکٹر کے طور پر بین الاقوامی سطح پر انڈیا کے لیے کھیلنے کے علاوہ چندرکانت پنڈت نے 138 فرسٹ کلاس میچز میں 48.57 کی اوسط سے 8209 رنز بنائے جس میں 22 سنچریاں اور 42 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انھوں نے وکٹ کے پیچھے 281 کیچز پکڑے اور 41 اسٹمپ بھی کیے۔

لیکن گذشتہ چند برسوں میں اپنی کرکٹ کوچنگ کی صلاحیت کے بل بوتے پر چندرکانت پنڈت نے رانجی ٹرافی میں جو کارنامہ انجام دیا، اب کرکٹ ناقدین بھی دبی زبان میں کہہ رہے ہیں کہ ایسا کارنامہ کوئی اور کھلاڑی کر کے تو دکھائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More