سری لنکن کرکٹرز اور پاکستانی ٹیم کے مساجر کورونا وائرس کا شکار

اردو نیوز  |  Jul 07, 2022

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے تین اہم کھلاڑی جمعے کے روز آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ سے ایک دن پہلے کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق کورونا وائرس کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں میں جیفری وینڈرسے، آشیتھا فرنینڈو اور دھاننجایا ڈی سلوا شامل ہیں۔

کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد تینوں کھلاڑی دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔اس سے پہلے رواں ہفتے ہی انجیلو میتھیوز اور پراوین جایاوکراما بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے تاہم انجیلو میتھیوز کورونا کے بعد صحتیاب ہوگئے ہیں اور دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم کو میسر ہوں گے۔

کورونا کا شکار ہونے والے تینوں کھلاڑیوں کی جگہ انجیلو میتھیوز، ماہیش تھیکشانا اور دونیتھ ویلالاگے کو ٹیم میں کھلایا جائے گا۔

دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

دوسری جانب دورہ سری لنکا پر موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے مساجر ملنگ علی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

Three more Sri Lanka players ruled out of the second Test against Australia.

Details #SLvAUS | #WTC23https://t.co/SgkXBHOsGA

— ICC (@ICC) July 7, 2022

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق مساجر ملنگ علی کا کولمبو پہنچتے ہی کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جس کے بعد ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انھیں ٹیم سے الگ کردیا گیا ہے۔

ملنگ علی کا پانچ دن بعد دوبارہ کورونا کا ٹیسٹ کیا جائے گا، دوبارہ مثبت آںے پر پاکستانی ٹیم کو سری لنکا کے مقامی مساجر کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کا پہلا میچ 16 جولائی کو گال میں کھیلا جائے گا۔

انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان میں آخری ٹیسٹ میچ سے پہلے کورونا کا شکار ہونے والے انڈین ٹیم کے کپتان روہت شرما مکمل طور پر صحتیاب ہونے کے بعد ٹیم کے ساتھ شامل ہوچکے ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف جمعرات کے دن پہلے ٹی 20 میچ میں روہت شرما ٹیم کی کپتانی کریں گے۔

اس سے پہلے انگلیںڈ نے انڈیا کو ٹیسٹ سیریز کے پانچویں ٹیسٹ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کرلی تھی۔    

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More