پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل پاکستان کی پہلی اننگز جاری ہے۔ اس وقت بابر اعظم اور اظہر علی کریز پر موجود ہیں اور پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنا لیے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے دونوں اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق اپنی سینچریاں مکمل کیں۔ انگلینڈ کو پہلی کامیابی 225 کے مجموعی سکور پر ملی جب عبداللہ شفیق 109 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں وِل جیکس نے آؤٹ کیا اور یہ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی وکٹ ہے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 245 کے مجموعی سکور پر گری جب جیک لیچ نے امام الحق کو بولڈ کر دیا، انہوں نے 121 رنز بنائے۔ سنیچر کو راولپنڈی میں کھیلے جارہے پانچ روزہ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور 181 سے سکور آگے بڑھاتے ہوئے ڈبل سینچری پارٹنرشپ مکمل کی۔ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی ٹیسٹ میچ کی دونوں اوپننگ پارٹنرشپس دو سو رنز سے زیادہ رہی ہیں۔ اس سے قبل گذشتہ روز انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 657 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ انگلینڈ کی پہلی اننگز میں بین ڈکٹ، زیک کرالی، اولی پوپ اور ہیری بروک کی سینچریاں شامل ہیں۔ ہیری بروک 153 رنز کے ساتھ اننگز کے ٹاپ سکورر رہے ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ نے تین، محمد علی نے دو اور حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔