شادی پر دلہن کے لیے تحفے میں گدھے کا بچہ: ’پلیز اس بات کا مذاق نہیں بنانا‘

بی بی سی اردو  |  Dec 09, 2022

’میں ہمیشہ سے جانتا تھا کہ وریشہ کو گدھے کے بچے بہت پسند ہیں اس لیے یہ میری طرف سے شادی کا تحفہ ہے۔‘

یہ کہنا تھا اذلان شاہ کا جو پاکستانی سوشل میڈیا پر زیر بحث ہیں کیونکہ انھوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ انھوں نے اپنی دلہن کو شادی پر تحفے میں گدھے کا بچہ دیا۔

انھوں نے یہ تحفہ دیتے ہوئے تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شئیر کی ہیں۔ شادی کے موقع پر گفٹ دیتے ہوئے اذلان دلہن سے کہتے نظر آتے ہیں کہ ’سوال یہ ہے کہ تحفے میں گدھا ہی کیوں؟‘

’تو اس کا جواب یہ ہے کہ ایک تو یہ آپ کو پسند ہے اور دوسرا یہ دنیا کا سب سے محنتی پیار کرنے والا جانور ہے۔‘

اس موقع پر دلہن وریشہ کہتی نظر آتی ہیں کہ ’میں تمہیں صرف گدھا نہیں رہنے دوں گی۔‘

اذلان کا اس تحفے سے متعلق کہنا تھا ’مجھے جانور بہت پسند ہیں، لوگ چاہے جو بھی کہیں، گدھا میرا سپرٹ اینیمل ہے، مجھے گدھوں سے پیار ہے، یہ میری طرف سے وریشہ کے لیے تحفہ ہے۔‘

اس کے بعد وہ ہنستے ہوئے کہتے ہیں ’پلیز اس بات کا مذاق نہیں بنانا۔‘

اذلان شاہ لوگوں کو یہ بتانا نہیں بھولے کہ انھوں نے گدھے کے بچے کو اس کی ماں سے ہرگز الگ نہیں کیا اور وہ بھی اس کے ساتھ آئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر مذاق اور تحسین دونوں ہی

اگرچہ اذلان نے اپنی ویڈیو میں درخواست کی تھی کہ ’پلیز اس بات کا مذاق نہیں اڑانا‘ مگر اذلان شاہ شادی کا یہ انوکھا تحفہ دیکھ کر جہاں لوگ حیران ہوئے وہیں کئی لوگ حسب توقع ہنسی مذاق کرتے بھی نظر آئے۔

ایک صاحب نے کہا ’بیویوں کو تو ویسے بھی شوہر گدھے دکھائی دیتے ہیں اس تکلف کی کیا ضرورت تھی، دو ماہ انتظا رکر لیتے۔‘

کچھ سوشل میڈیا صارفین کو یہ خوف تھا کہ اب اُن کے لیے ممکنہ توقعات بڑھ جائیں گی۔

معاذ صدیقی کا کہنا تھا ’بس کر بھائی اتنے گول نہ بنا کہ ہمارے لیے پورے کرنا مشکل ہو جائے۔‘

ایک صارف کہکشاں کو بھی اذلان کا شادی پر گدھا گفٹ دینا بظاہر پسند نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا ’اگر اذلان کو گدھا تحفہ ہی کرنا تھا تو اپنے ولیمے پر نہیں کرنا چاہیے تھا، پھر کبھی کر دیتے۔‘

البتہ کئی خواتین نے اس تحفے کو پسند کیا بلکہ اذلان شاہ کی تعریف بھی کی۔

رابعہ خان کا کہنا تھا ’یہ سب سے پیاری پوسٹ ہے جو میں نے اب تک دیکھی ہے۔ مہربانی کر کے نفرت انگیز کمنٹس سے گریز کریں۔ اللہ آپ دونوں کو خوش رکھے۔‘

لیلیٰ نامی ایک صارف کا کہنا تھا ’وریشہ کے لیے اذلان کی جانب سے شادی کا تحفہ مزاحیہ اور پیارا ہے۔ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ دونوں نے گدھے کے بچے کو گود لینے کا منصوبہ بنایا۔‘

مومل نامی ایک صارف ان لوگوں پر ناراض ہوتی دکھائی دیں جو اذلان شاہ کی جانب سے گدھا تحفہ دینے پر ان کا مذاق اڑا رہے تھے۔ انھوں نے ایسے سوشل میڈیا صارفین کو ’ناخواندہ‘ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا ’وہ اپنی بیوی کو ایک زندگی تحفے میں دے رہے ہیں، اور یہ چیز اُن کی زندگی میں ایک معنی رکھتی ہے۔ ہمیں اس مادہ پرستی کے خول سے باہر نکل کر دنیا کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ ‘

ان کا مزید کہنا تھا ’سچ کہوں تو مجھے یہ دیکھ کر اطمینان ہوا کہ ہر لڑکی کو ہیرے اور سونا نہیں چاہیے۔ ایک پالتو جانور خوبصورت تحفہ ہے۔ ہمیں اپنے جذبات کو اہمیت دینی ہو گی۔‘

سید بلال نامی صارف کا کہنا تھا ’گدھا اور یہ جوڑا اب ٹرول کیوں ہو رہا ہے؟ صرف اس وجہ سے کہ اس آدمی نے گدھے کا تحفہ دینے کا فیصلہ کیا، آپ کو صرف مذاق کرنا ہے کیونکہ اس نے اسے گدھا دیا تھا، اگر یہ ایک بلی یا کتا ہوتا تو، ہر کوئی پہلے سے ہی جانور کا دیوانہ ہو گیا ہوتا۔ گدھے سب سے قیمتی، محنتی اور محبت کرنے والے جانور ہیں۔ ہم نے انھیں کبھی محبت  پاتے ہوئے نہیں دیکھا کیونکہ پاکستان میں ان کے ساتھ صرف گندگی جیسا سلوک کیا جاتا ہے، انھیں ہراساں کیا جاتا ہے اور جسمانی استحصال کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ایک جانور کا احترام کریں جو آپ کی دن بھر مدد کرتے ہیں۔‘

عمارہ نامی صارف نے بھی کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا ’جب بلی کتا رکھ سکھتے تو گدھا کیوں نہیں؟ ہر جانور پیارا ہوتا ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More