ہماری جنگ حقیقی آزادی کی جنگ ہے، عمران خان

ہم نیوز  |  Mar 26, 2023

لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ جو قوم ظلم کے خلاف کھڑی نہیں ہوتی وہ غلام بن جاتی ہے۔ ہماری جنگ حقیقی آزادی کی جنگ ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑی رکاوٹوں کے بعد لوگ جلسے گاہ پہنچے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آج آپ کو بتا دوں گا کہ کیسے ملک کو دلدل سے نکالنا ہے۔ جلسہ روکنے کے لیے ہمارے 2 ہزار کارکنوں کو گرفتار کیا گیا اور راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا لیکن عوام نے ہر چیز کو مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ہماری حکومت گرائی گئی اور جرائم پیشہ افراد کو ہم پر مسلط کیا گیا اور سازش کے تحت ملک کو دلدل میں پھنسایا گیا ہے لیکن لوگوں کا جنون طاقت سے نہیں روکا جا سکتا اور جب اللہ دلوں میں سوچ ڈال دے تو پھر کوئی طاقت انہیں نہیں روک سکتی۔

عمران خان نے کہا کہ میں نے کئی ممالک میں وقت گزار کر دیکھا کہ لوگ نا انصافی کے خلاف کھڑے ہو جاتے ہیں اور میں نے اپنی قوم کو بھی ہر ظلم برداشت کرتے دیکھا لیکن جو قوم ظلم کے خلاف کھڑی نہیں ہوتی وہ غلام بن جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نےسمجھایا صرف آزاد لوگوں کی حیثیت ہوتی ہے اور خوف کی غلامی کرنے والے جانوروں سے بھی نیچے چلے جاتے ہیں، انصاف کا مطلب ہے کہ امیر غریب سب قانون کے سامنے برابر ہیں اور جس ملک میں طاقتور غریب پر ظلم کرسکے اسے بنانا رپبلک کہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مارشل لا میں آئین اور قانون کو ختم کر دیا جاتا تھا لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ ڈیموکریٹس نے بھی قانون کو نہیں چلنے دیا۔ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں لیکن قانون نہیں ہے۔ میرے اوپر مقدمات کی سنچری تو ہوگئی ہے اب ڈیڑھ سو پر جا رہا ہوں اور میرے خلاف دہشت گردی کے 40 مقدمات درج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو جو ظلم ہوا اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا تھا، 8 مارچ کو اجازت لے کر ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا اور 8 مارچ کو صبح ہی شیلنگ کی خبریں چلنا شروع ہو گئیں۔ میرے دور میں پی ڈی ایم نے 3 مارچ کیے اور ایک بھی ایف آئی آر نہیں کٹی۔ میں نے انہیں کہا کہ مارچ کریں اور کھانے پینے کا بندوبست میں کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ اندروان سندھ زرداری سسٹم مسلط ہے اور لوگ بےبس ہیں، پاکستانیو فیصلہ کر لو آپ نے ظلم کو برداشت نہیں کرنا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More