’دادی یہ کسی کو نہیں بتانا‘، پوتے نے 99 ہزار پاؤنڈز جیتنے کی خوشخبری مہینوں خاندان سے خفیہ رکھی

بی بی سی اردو  |  May 05, 2023

ٹیلی ویژن کے کوئز شو میں 99 ہزار پاؤنڈز جیتنے والے ایک نوجوان نے کہا ہے کہ انھوں نے اس جیت کو تقریباً ایک سال تک اپنے خاندان سے خفیہ رکھا تا کہ وہ رقم ملنے پر سب کو سرپرائز دے سکیں۔

24 برس کے ویرل سے تعلق رکھنے والے ڈینئیل او ہیلوران نے گذشتہ برس جولائی کے آئی ٹی وی شو ’دی 1% کلب‘میں سب سے بڑا انعام جیتا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کے رشتہ دار اس ٹی وی شو کے ’بہت بڑے مداح‘ ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ انھوں نے دس ہزار پاؤنڈز جیتے ہیں لیکن انھیں اندازہ نہیں تھا کہ انھوں نے خطرہ مول لیتے ہوئے یہ رقم ایک بڑے انعام کی جستجو میں اگلے راؤنڈ تک پہنچنے کے لیے جھونک دی تھی۔

ان کے مطابق جب انھوں نے یہ ٹی وی پروگرام دیکھا تو سب خاندان والے ششدر ہو گئے۔ یہ سب کے لیے اس قدر ناقابل یقین تھا، جیسے ہر کوئی ہوش و حواس کھو بیٹھا ہو۔

بیبنگٹن میں پلانٹ آپریٹر کے طور پر کام کرنے والے ڈینئیل جو خود کو ’تعلیم کے بجائے منطق میں اچھا‘ قرار دیتے ہیں نے کہا کہ ان کا اپنی جیت کو خفیہ رکھنا ’مشکل‘ کام تھا اور انھوں نے صرف اپنی دادی کے ساتھ یہ خبر شیئر کی تھی۔

ان کے مطابق ’مجھے آخر کسی نہ کسی کو تو یہ بتانا ہی تھا، مگر یہ ہمارا ایک چھوٹا سا راز تھا۔‘

گذشتہ ہفتے کے آخر میں شو کے نشر ہونے سے پہلے پروڈیوسر کی طرف سے ڈینئیل کو صرف سوشل میڈیا سے دور رہنے کا کہا گیا تھا مگر یہ خیال ان کے ذہن میں آیا کہ کیوں نہ اس انعام کو اپنے خاندان سے بھی خفیہ رکھا جائے اور انھیں عین وقت پر ہی ایک سرپرائز دیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ ’میں اس سے قبل کبھی ٹی وی شوز میں نہیں آیا تھا اور یہ پہلا موقع تھا جب میں نے اس طرح کی کسی چیز کے لیے درخواست دی تھی۔‘

ڈینئیل کے مطابق ’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اتنا آگے بڑھ سکوں گا۔ ان کے مطابق ’میں زیادہ تعلیم یافتہ نہیں ہوں کیونکہ میں نے سکول کے بعد تعلیم چھوڑ دی تھی۔ تاہم مجھے لگتا ہے کہ میں دباؤ جیسی صورتحال میں کافی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہوں۔‘

یہ بھی پڑھیے

25 کروڑ جیتنے والے رکشہ ڈرائیور کی زندگی خوشی سے خوف میں کیسے بدلی

امریکہ میں لاٹری کے جیک پاٹس پر اربوں ڈالر کے انعامات کیسے نکلتے ہیں؟

لاٹری کا سب سے بڑا انعام 184 ملین پاؤنڈ جو میاں بیوی ایک دوسرے کو بھی نہیں بتاتے

ڈینئیل نے ہسپانوی، فزیکل ایجوکیشن (پی ای) اور جنرل سٹڈیز میں اے لیولز کرنے کے بعد 18 سال کی عمر میں سکول کو خیرآباد کہہ دیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب انھیں یہ پتا چلا کہ وہ یہ انعام جیت چکے ہیں تو ان کے ہوش اڑ چکے تھے اور یہ انھیں بعد میں پتا چلا کہ حقیقت میں وہ خوشی سے ناچ رہے تھے۔

ان کے مطابق یہ بہت ہی سنسنی خیز، حیران کن، پرجوش اور ایک ناقابل یقین لمحہ تھا۔

وہ رواں ماہ کے آخر تک یعنی ٹی وی شو کی نشریات کے 30 دن بعد نقد انعام حاصل کر سکیں گے۔ ڈینئیل کا ارادہ ہے کہ وہ رقم ملنے کے بعد موسم گرما کی تعطیلات گزارنے اپنے خاندان کو باہر سیاحت کے لیے لے جائیں گے۔

’دی 1% کلب‘ کے ترجمان نے کہا کہ ڈینئیل کی جیت ایک ’شاندار لمحہ‘ تھا اور ’ڈینئیل نے بہت اچھا اور خوب ہمت سے یہ مقابلہ جیتا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More