کامسٹیک کا یوگنڈا میں نیورولوجی پر2 روزہ سرٹیفکیٹ کورس کا انعقاد

اے پی پی  |  Apr 24, 2024

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):کامسٹیک نے ایکویٹر یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مساکا اور حبیب میڈیکل سکول یوگنڈا کے اشتراک سے نیورولوجی پر 2 روزہ سرٹیفکیٹ کورس کا انعقاد کیا۔ کامسٹیک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ افریقہ میں جہاں اعصابی امراض نمایاں ہیں اور اکثر سماجی و اقتصادی عوامل کی وجہ سے مزید پیچیدہ ہو جاتے ہیں ایسی صورتحال میں صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی میں نیورولوجی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے اعصابی بیماریوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لئے خصوصی علم اور وسائل کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کورس کا مقصد ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کو نیورولوجی میں بنیادی مہارت اور قابلیت سے آراستہ کرنا ہے۔ یوگنڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد حسن وزیر نے بطور مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیورو کریٹیکل کیئر پر کورس کے منتظمین کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کورس علم کے تبادلے، تعاون اور اختراع کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا جو صحت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یوگنڈا کے درمیان دوستی اور تعاون کا گہرا رشتہ ہے۔

انہوں نے یوگنڈا کے باشندوں کو پاکستان کی جدید ترین طبی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ آپ کی طبی سیاحت کو مکمل طور پر سہولت فراہم کرے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر اسماعیل سمبوا گیاگینڈا ریکٹر یوگنڈا اسلامی یونیورسٹی نے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک کی اسلامی یونیورسٹی آف یوگنڈا میں اس اہم کورس کے انعقاد کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کورس کے شرکا پر زور دیا کہ وہ مستقبل کے علم اور مہارت کے تبادلے کے لئے متعلقہ ماہرین کے ساتھ مضبوط نیٹ ورکنگ بنائیں۔ یہ کورس عالمی شہرت یافتہ نیورولوجسٹ اور کامسٹیک کے ممتاز سکالر پروفیسر ڈاکٹر محمد واسع کی رہنمائی میں منعقد کیا گیا۔ ان کے ماہرین کی ٹیم میں مصر سے پروفیسر ڈاکٹر فواد عبد اللہ اور کینیا سے پروفیسر ڈاکٹر دلراج سنگھ سوکھی شامل تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More