میکسیکو کی شمال مشرقی ریاست سنالووا میں ڈرگ مافیاز کے درمیان جاری پرتشدد واقعات کی لہر میں کم ازکم 192افراد ہلاک ہوگئے۔
ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق شمال مغربی میکسیکو کے مقامی مبصر گروپ (اسٹیٹ پبلک سیکیورٹی کونسل ) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 6ستمبر کو شروع ہونے والے پرتشدد واقعات میں تقریباً200افراد قتل اور 226لاپتہ ہوچکے ہیں۔
مبصرگروپ کے مطابق ڈرگ کارٹل کے متحارب گروہوں میں پرتشدد واقعات کے باعث 200خاندان نقل مکانی پر مجبور ہوئے جبکہ 180کاروبار وں کی بندش سے تقریباً 2 ہزار افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔
5 جولائی کو بدنام زمانہ منشیات گینگ کے سرغنہ اور سینالووا کارٹیل کے شریک بانی اسماعیل ”ایل میو“زمباڈا کی گرفتاری کے بعد، زمباڈا اور جوکون ”ایل چاپو“ گزمین کے قائم کردہ کارٹیل میں جاری طاقت کے حصول کی کشمکش میں شدت آگئی ہے، واضح رہے کہ سینالوا کے شریک بانی ایل چاپو ایک امریکی جیل میں قید ہیں۔
70سالہ زمباڈا کی ریاست ٹیکساس میں امریکی حکام کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد چپیٹوس کے نام سے مشہور ایل چاپو کے بیٹوں اور حامیوں نےاپنے آبائی شہر سینالووا میں وحشیانہ جنگ چھیڑ دی تھی۔
واضح رہے کہ چپیٹوس اور زمباڈا کے حامیوں کے مسلح جتھوں کے حرکت میں آنے کے بعد سینالووا کے گورنر روبن روچا مویا نے گزشتہ ہفتے ریاست میں امن و مان کے قیام کے لیے 590 نیشنل گارڈ کے دستے بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
روبن روچامویا نے کہا کہ“ہمیں امید ہے کہ وہ ہماری مدد کریں گے،نیشنل گارڈ، ایئر فورس، نیوی اور ریاستی پولیس بھی بھرپور رابطے میں ہیں جس کے باعث تشدد میں کمی آئی ہے تاہم بدقسمتی سے ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ مسئلہ مکمل طور پر حل ہوگیا ہے“۔