وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ’مہنگائی کی شرح 70 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کے لیے پُرعزم ہیں۔‘بدھ کو اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ’ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئی ہے۔ ہم نے معشیت کی بنیاد رکھ دی ہے اب ہم نے معاشی استحکام کی بنیادوں کو مضبوط کرنا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’معیشت کے شعبے میں 12 سے 14 ماہ میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ’زرِمبادلہ کے ذخائر اب ڈھائی ماہ کی درآمدات کے برابر ہیں جبکہ مہنگائی کی شرح بھی کم ہو کر چار اعشاریہ نو فیصد پر آگئی ہے۔‘
وزیر خزانہ نے بتایا کہ نومبر میں مہنگائی کی شرح 78 ماہ کی کم ترین سطح پر تھی۔ پالیسی ریٹ میں کمی کی گئی جس سے صنعت ترقی کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ مارٹگیج فنانسنگ کے حوالے سے سٹیٹ بینک سے بات چیت ہوگی۔ ’سب اچھے کی خبر اس وقت تک نہیں ہے جب تک ہم لوگوں کو اعتماد میں نہ لیں۔ بینکنگ انڈسٹری زیادہ پیسہ خرچ کرتی ہے اس کا پتہ چلنا چاہیے۔‘محمد اورنگزیب نے کہا کہ کم لاگت کے گھروں کی تعمیر اہم ہے، گھروں کی تعمیر کے لیے شرح سود میں کمی اہم کردار ادا کرے گی۔’سستے گھروں کی تعمیر میں مائیکروفنانس بینکوں کا اہم کردار ہوگا۔ اب حکومت مقامی سطح پر قرضے نہیں لے گی۔‘وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ معاشی ترقی میں نجی شعبے کا اہم کردار ہے، حکومت نجی شعبے کو پالیسی گائیڈ لائن دے گی۔ محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کا کام پالیسی کا تسلسل اور درست ماحول فراہم کرنا ہے۔ حکومت ہر جگہ اپنا تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ’اب ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے۔‘