معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہے: وزیراعظم

اردو نیوز  |  Jan 02, 2025

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترقی کے کا سفر اسی وقت شروع ہوگا جب سیاسی استحکام ہوگا، خوشحالی اور ترقی کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔ معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہے۔‘

جمعرات کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، لیکن باہمی تعاون سے مقابلہ کیا۔‘

شہباز شریف نے ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’2025 پاکستان کی معاشی ترقی کا سال ثابت ہوگا۔ 2018 کے بعد پہلی مرتبہ مہنگائی 4.1 فیصد کی کم ترین سطح پر آئی ہے، پانچ ماہ کے دوران ترسیلات زر میں 34فیصد اضافہ ہوا، زر مبادلہ کے ذخائر 4 ارب ڈالر سے بڑھ کر 12ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر گئے ہیں۔‘

ان کے مطابق ’پالیسی ریٹ  22 فیصد سے کم ہوکر13 فیصد پر آگیا ہے، مہنگائی کی شرح مدنظر رکھتے ہوئے سٹیٹ بینک کے پاس مزید پالیسی ریٹ کم کرنے کی گنجائش ہے۔‘

’معاشی اعشاریے کھلا ثبوت ہیں کہ یہ سال پاکستان کے لیے بہتر ثابت ہوگا۔ چاول کی فصل نے چار ارب ڈالر نے قومی خزانے میں آئے، اپچاس کروڑ ڈالر چینی کی برآمد سے آ رہے ہیں۔ سمگلنگ جاری رہتی تو یہ نہ ہوتا۔ تیل کی سمگلنگ میں کمی ہوئی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’سنٹرل ایشین ممالک کے ساتھ پاکستان کے بہترین تعلقات ہیں، یہ سب چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات بڑھیں۔ سعودی عرب، یو اے ای اور قطر کے ساتھ کئی شعبوں میں معاہدے پروان چڑھ رہے ہیں، خلیجی ملکوں کے ساتھ بڑے کاروباری معاہدے بھی ہوئے ہیں، پاکستان کومعاہدوں پر عملدرآمد کے لیے تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ ’دہشت گردی نے پھر سر اٹھایا ہے اور اسے کچلے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا۔ سکیورٹی فورسز نے قربانیاں دیں۔ ہر روز کوئی نہ کوئی واقعہ ہوتا ہے۔ اسے ختم کرنا ہوگا۔ سب کو ایک پیج پر ہونا ہوگا۔ پاڑہ چنار میں معاہدہ ہوا ہے۔ سینکڑوں لوگ مارے گئے دونوں طرف سے۔ یہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More