Getty Images
53 سالہ فرانسیسی خاتون این نے جب فروری 2023 میں پہلی بار سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام ڈاؤن لوڈ کیا تو یہ ان کے لیے بلکل نیا تجربہ تھا۔
وہ ایک دولت مند شخص کی بیوی تھیں اور خود بھی انٹیریئر ڈیزائنر کے طور پر کام کرتی تھیں۔ لیکن انسٹاگرام ان کے فون میں کیا آیا کہ ان کی زندگی کی کایا ہی پلٹ گئی۔
یہ ایک عجیب سی داستان ہے جس کے اختتام تک وہ نہ صرف اپنے رشتے کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی کی جمع پونجی، جو مجموعی طور پر ساڑے آٹھ لاکھ ڈالر یعنی پاکستانی روپے کے حساب سے 23 کروڑ سے زیادہ رقم بنتی ہے، گنوا چکی تھیں بلکہ ملک میں ان کا مذاق اڑایا جا رہا تھا۔
یہ انٹرنیٹ پر مصنوعی ذہانت کی مدد سے ایک حیران کن فراڈ کی بھی کہانی ہے کہ کیسے ایک خاتون کو ایک نامور ہالی وڈ اداکار کی مصنوعی شبیہ کی مدد سے لوٹا گیا۔
’بریڈ پٹ کو تم جیسی عورت چاہیے‘
انسٹاگرام پر این سے ایک خاتون نے رابطہ کیا جنھوں نے دعوی کیا کہ وہ مشہور ہالی وڈ اداکار بریڈ پٹ کی والدہ جین پٹ ہیں۔
این کو اس خاتون نے کہا کہ ان کے بیٹے یعنی بریڈ پٹ کو ’ان جیسی کسی عورت کی ضرورت ہے۔‘
اگلے ہی دن بریڈ پٹ نے خود ان سے رابطہ کر لیا تو این شکوک و شبہات کا شکار ہو گئیں۔
لیکن وہ بتاتی ہیں کہ سوشل میڈیا کی دنیا سے انھیں زیادہ واقفیت نہیں تھی تو ’مجھے اندازہ ہی نہیں ہو سکا کہ میرے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔‘
لگژری تحفے، طلاق اور کینسر
این اور جعلی بریڈ پٹ کی گفتگو ہونے لگی اور ایک موقع آیا جب ان کو بتایا گیا کہ ہالی وڈ اداکار نے ان کے لیے لگژری تحائف بھجوائے ہیں لیکن انھیں کسٹم ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر روک لیا گیا ہے۔
ان کو بتایا گیا کہ کسٹم ڈیوٹی ادا نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ بریڈ پٹ اور انجیلینا جولی کی طلاق پر عدالتی کارروائی کے دوران بینک اکاوئنٹ منجمند ہیں۔ یوں اینا نے نو ہزار یورو اپنے ہاتھوں سے نوسربازوں کے حوالے کر دیے۔
وہ کہتی ہیں کہ ’کسی بیوقوف کی طرح میں نے پیسے دے دیے۔ جب کبھی مجھے شک ہونے لگتا تھا، وہ اسے دور کرنے میں کامیاب ہو جاتا تھا۔‘
Getty Images
لیکن پیسوں کا مطالبہ رفتہ رفتہ بڑھتا چلا گیا۔ ایک موقع پر جعلی اداکار نے انھیں کہا کہ گردوں کے سرطان کے علاج کے لیے پیسے درکار ہیں اور انھیں مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کی مدد سے ہی بنائی تصاویر بھیج دی گئیں جن میں بریڈ پٹ کو ہسپتال میں بستر پر لیٹا ہوا دکھایا گیا۔
این کہتی ہیں کہ ’میں نے کوشش کی کہ انٹرنیٹ پر تلاش کروں لیکن مجھے یہ تصاویر نظر نہیں آئیں، تو مجھے لگا اس نے یہ سیلفیاں صرف میرے لیے ہی بنائی ہیں۔‘
اسی دوران این اور ان کے شوہر کے بیچ طلاق ہوئی تو انھیں سات لاکھ 75 ہزار یورو کی رقم ملی۔ یہ تمام رقم فراڈ کے ذریعے ان سے ہتھیا لی گئی۔
این خود بھی کینسر سے متاثر رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ’میں نے خود کو بتایا کہ میں شاید ایک شخص کی جان بچا رہی ہوں۔‘
وہ پرکشش ماڈل جس نے ’روحانی طاقت‘ سے مداحوں کو غلامی اور جسم فروشی پر مجبور کیادنیا کے 10 ’امیر ترین خاندان‘ لیکن ان کے پاس اتنا پیسہ آیا کہاں سے؟بیوی کا ریپ کروانے کا مقدمہ، شوہر کو 20 برس قید کی سزا: ’کیس منظرِعام پر لانے پر کوئی پچھتاوا نہیں‘، جزیل پیلیکوٹایمازون کی غیر قانونی کانیں جہاں سیکس کے بدلے سونا ملتا ہے
تاہم این کو اس وقت ملک گیر سطح پر مذاق کا سامنا کرنا پڑا جب این کی کہانی سامنے آئی۔ انھوں نے ایک یوٹیوب شو میں بتایا کہ وہ ’پاگل‘ نہیں۔ ’میں مانتی ہوں کہ میرے ساتھ فراڈ ہوا اور اسی لیے میں سامنے آئی کیوں کہ میں اکیلی نہیں ہوں۔‘
یہ معاملہ خود اصلی بریڈ پٹ تک بھی پہنچا اور ان کے ایک ترجمان نے امریکی انٹرٹینمنٹ ویکلی کو بتایا کہ ’کسی مداح کے احساسات کا فائدہ اٹھانا بہت افسوس ناک ہے اور لوگوں کو چاہیے کہ ایسے اداکاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر رابطہ کرنے پر جواب نہ دیں جن کا اپنا کوئی اکاؤنٹ ہی نہیں ہے۔‘
تاہم سوشل میڈیا پر بہت سے صارفین نے ان کا مذاق اڑایا۔ نیٹ فلکس فرانس نے ایکس پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں ’اصلی بریڈ پٹ‘ کی چار فلموں کی تشہیر کی جبکہ ٹولوز ایف سی نے اب ڈیلیٹ کر دی جانے والی ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’ہیلو این، بریڈ نے ہمیں بتایا ہے کہ وہ بدھ کے دن سٹیڈیئم میں ہوں گے اور آپ؟‘ کلب نے اب اس پوسٹ پر معذرت کی ہے۔
دوسری جانب این کی 22 سالہ بیٹی نے ٹی ایف ون کو بتایا کہ انھوں نے کوشش کی کہ وہ اپنی والدہ کو سمجھائیں۔
این کو فراڈ کا علم کیسے ہوا؟
جب این نے بریڈ پٹ اور ان کی نئی گرل فرینڈ کی تصاویر میگزینز میں دیکھیں تو انھیں ایک بار پھر سے شک ہونے لگا۔ لیکن پھر ان کو ایک جعلی ویڈیو خبر بھیجی گئی جو اے آئی سے ہی بنائی گئی تھی۔ اس خبر کے مطابق بریڈ پٹ نے ایک خصوصی شخصیت سے اپنے تعلق کی بات کی جس کا نام این تھا۔
اس ویڈیو نے کچھ دیر کے لیے تو این کا شک دور کر دیا لیکن جب جون 2024 میں بریڈ پٹ نے اپنی نئی گرل فرینڈ سے تعلق کا باضابطہ اعلان کر دیا تو این نے فیصلہ کیا کہ اب معاملات کو ختم کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔
ایسے میں جب ان سے ’سپیشل ایجنٹ جان سمتھ‘ کے نام سے فراڈ کرنے والوں نے مذید رقم نکلوانے کی کوشش کی تو این نے پولیس سے رابطہ کر لیا۔ اس وقت پولیس کی تفتیش جاری ہے۔
ٹی ایف ون پروگرام کے مطابق ان واقعات نے این کو مکمل توڑ پر توڑ کر رکھ دیا اور انھوں نے تین بار خودکشی کی کوشش بھی کی۔
وہ کہتی ہیں کہ ’مجھے اس طرح تکلیف پہنچانے کے لیے کیوں چنا گیا؟ ان لوگوں کو جہنم میں جانا چاہیے۔ میں منت کرتی ہوں کہ ان فراڈ کرنے والوں کو تلاش کرنے کی ضرروت ہے۔‘
تاہم منگل کے دن ایک یو ٹیوب انٹرویو میں این نے ٹی ایف ون پروگرام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کہانی میں سے ان کے شکوک کو نکال دیا گیا اور کہا کہ ’کوئی بھی اس فراڈ کا شکار ہو سکتا تھا جب انھیں ایسے الفاظ سننے کو ملیں جو کسی نے کبھی بھی اپنے شوہر سے نہیں سنے۔‘
وہ پرکشش ماڈل جس نے ’روحانی طاقت‘ سے مداحوں کو غلامی اور جسم فروشی پر مجبور کیادنیا کے 10 ’امیر ترین خاندان‘ لیکن ان کے پاس اتنا پیسہ آیا کہاں سے؟بیوی کا ریپ کروانے کا مقدمہ، شوہر کو 20 برس قید کی سزا: ’کیس منظرِعام پر لانے پر کوئی پچھتاوا نہیں‘، جزیل پیلیکوٹکیمرے کے سامنے شادی کے وعدے اور بوسہ، سوشل میڈیا انفلوئنسر نے ’پرینک‘ کہہ کر خاتون سے سچ مچ شادی کر لیایمازون کی غیر قانونی کانیں جہاں سیکس کے بدلے سونا ملتا ہے