صورتحال نارمل ہے نہ ہی نارمل ہوتی نظر آ رہی ہے: وزیر دفاع

اردو نیوز  |  May 09, 2025

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ’پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کے باعث صورتحال نارمل نہیں اور نہ ہی نارمل ہوتی نظر آ رہی ہے۔‘

جمعے کو پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ انڈیا نے سویلین آبادی کو نشانہ بنا کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ ’ہم انڈیا کے عوام کو نہیں صرف ان کی افواج کو نشانہ بنائیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ انڈیا  کی طرف جھوٹ کا سیلاب آیا ہوا ہے، ہم نے رات کو بھی صرف ان کی ملٹری کو نشانہ بنایا۔ انڈیا کو لائن آف کنٹرول اور عالمی بارڈرہر جگہ مار پڑ رہی ہے۔‘

کیا کسی ملک کو سوشل میڈیا کی بنیاد پر حملے کی اجازت دی جا سکتی ہے: دفتر خارجہ

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں انڈیا نے پاکستان کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا کیا۔ کیا کسی ملک کو سوشل میڈیا کی بنیاد پر حملے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

جمعے کو نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ انڈیا کے جنگی جنون سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔ پاکستان ہر ممکن ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ 

’یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ انڈیا کی لاپرواہی نے دو جوہری ہتھیاروں سے لیس ریاستوں کو ایک بڑے تنازعے کے قریب پہنچا دیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان انڈیا کی جارحیت کی مذمت کرتا ہے۔ انڈیا عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ’ممبئی حملوں اور پٹھان کوٹ کو حملے کا مقدمہ انڈیا کی ہچکچاہٹ کی وجہ سے مکمل نہیں ہو سکا۔‘

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ انڈیا کے اقدام نے دو جوہری قوتوں کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More