کرکٹ سیاست کی نذر، بھارت ایشیاکپ سے بھاگ گیا

سچ ٹی وی  |  May 23, 2025

بھارت نے ایک مرتبہ پھر کھیل کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے کی کوششیں شروع کردی، بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کرکٹ کو تنہا کرنے کے لیے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے تحت ہونے والے تمام ٹورنامنٹس سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

حالیہ انڈین ایکسپریس اخبار کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے ایشین کرکٹ کونسل کو باقاعدہ اطلاع دے دی ہے کہ بھارت اگلے ماہ سری لنکا میں ہونے والے ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ اور ستمبر میں ہونے والے مینز ایشیا کپ (جس کی میزبانی خود بھارت کر رہا تھا) میں شرکت نہیں کرے گا۔

بی سی سی آئی کے اس فیصلے کے پیچھے ایک اہم وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے موجودہ صدر محسن نقوی ہیں، جو نہ صرف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ ہیں بلکہ پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ بھی ہیں۔

بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے اخبار کو بتایا کہ بھارتی ٹیم ایسے ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکتی جو ایسی تنظیم کے تحت منعقد ہو جس کا سربراہ پاکستان کا وزیر ہو، ہم نے زبانی طور پر اے سی سی کو ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ سے دستبرداری سے آگاہ کر دیا ہے، اور مستقبل میں بھی اے سی سی کے ایونٹس میں شرکت غیر یقینی ہے، ہم بھارتی حکومت سے مستقل رابطے میں ہیں۔

یہ اقدام بھارت کی اس پالیسی کا حصہ سمجھا جا رہا ہے جس کے تحت وہ پاکستان کو بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر تنہا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب دونوں ممالک کے تعلقات بدستور کشیدہ ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More