انڈین وزیراعظم کا بیان اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے، دفتر خارجہ

اردو نیوز  |  May 23, 2025

پاکستان نے انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو ’بے بنیاد، اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

جمعے کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غلط بیانی اور اشتعال انگیزی پر مبنی ان بیانات کا مقصد واضح طور پر سیاسی فائدے کے لیے علاقائی کشیدگی کو ہوا دینا ہے۔

’اس طرح کے بیانات نہ صرف عوام کو گمراہ کرنے کی دانستہ کوشش کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ ذمہ دار ریاستی نظام کے اُصولوں کے بھی خلاف ہیں۔‘

ترجمان  شفقت علی خان نے کہا کہ ’دھمکیوں کا سہارا لینا اور ایک خودمختار ملک کے خلاف فوجی کارروائی پر فخر کرنا اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہخطرناک رویہ علاقائی امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہے۔‘

ریڈیو پاکستان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنے جوہری تحفظاتی نظام اور کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے کی مضبوطی پر مکمل اعتماد ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے سابق امریکی مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن کے انڈین میڈیا کو دیے گئے بیان پر ردّعمل دیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کا بیان انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان کے بعد سامنے آیا ہے۔ ’راج ناتھ سنگھ ایک ہندو انتہاپسند تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ پاکستان کے خلاف بار بارجارحیت کی دھمکیاں دیتے رہے ہیں۔‘

ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ ’انڈیا کے جوہری ہتھیاروں کا کنٹرول راج ناتھ سنگھ جیسے افراد کے ہاتھ میں ہے، در حقیقت عالمی برادری کو زیادہ تشویش اس پر ہونی چاہیے۔ راج ناتھ سنگھ پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف شدید تعصّب رکھتے ہیں۔‘

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ انڈیا میں بڑھتی انتہا پسندی جوہری تحفظ سے متعلق جائز خدشات کو جنم دیتی ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More