بنگلہ دیش میں نئے کرنسی نوٹ جاری، شیخ مجیب کی تصویر ہٹا دی گئی

اردو نیوز  |  Jun 02, 2025

بنگلہ دیش کی حکومت نے نئے کرنسی نوٹ جاری کر دیے ہیں جو شیخ حسینہ واجد کے والد اور ملک کے پہلے صدر شیخ مجیب الرحمان کی تصویر والے نوٹوں کی جگہ لیں گے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تقریباً 17 کروڑ کی آبادی رکھنے والے جنوب ایشیائی ملک میں اس وقت عبوری حکومت چل رہی ہے جو حسینہ واجد کے ملک سے نکل جانے کے بعد قائم کی گئی تھی۔

حسینہ واجد کے خلاف اتوار سے ایک مقدمہ بھی شروع کیا گیا ہے جس میں ان پر حکومت کے خلاف احتجاج کو طاقت کے ذریعے کچلنے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

اگست 2024 کے بعد سے بھی ملک میں اب تک حسینہ واجد کے والد کی تصویر والے نوٹ چل رہے ہیں جن کی قیادت میں بنگلہ دیش پاکستان سے الگ ہوا تھا اور ان کو 1975 میں ایک فوجی بغاوت کے نتیجے میں قتل کر دیا گیا تھا۔

بنگلہ دیش بینک کے ترجمان عارف حسین خان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’نئے نوٹس میں کسی انسان کی تصویر شامل نہیں ہو گی تاہم اس میں قومی یادگاریں اور قدرتی منظر شامل ہوں گے۔‘

نوٹ میں آرٹسٹ زین العابدین کا آرٹ ورک بھی شامل کیا گیا ہے جس میں انہوں نے برطانوی دور میں آنے والے قحط کی منظرکشی کی تھی۔

اتوار کے روز مختلف مالیت رکھنے والے 9 میں سے تین نوٹ جاری کیے گئے۔

بینک کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’نئے نوٹ مرکزی بینک کے ہیڈکوارٹر سے جاری ہوں گے اور اس کے بعد ملک بھر میں اس کے دفاتر کو مہیا کیے جائیں گے۔‘

پچھلے برس احتجاج کی شدید لہر کے بعد شیخ حسینہ واجد انڈیا فرار ہو گئی تھیں (فوٹو: اے ایف پی)

عارف حسین خان کے مطابق ’مزید نئے نوٹوں کا اجرا اگلے مرحلے میں کیا جائے گا۔‘

موجودہ نوٹس اور سکے بھی نئے نوٹس کے ساتھ قابل استعمال رہیں گے۔ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ سیاسی صورت حال میں تبدیلی کے بعد نوٹوں کے ڈیزائن تبدیل کیے گئے ہوں۔

پاکستان سے الگ ہونے کے بعد 1972 میں نئے نوٹ جاری کیے گئے تھے اور نام مشرقی پاکستان سے تبدیل کر کے بنگلہ دیش رکھ دیا گیا تھا اور نوٹ پر اس کا نقشہ بھی نمایاں تھا۔

اس کے کچھ عرصے بعد نوٹوں پر شیخ مجیب الرحمان کی تصویر لگائی گئی اور ان کی بیٹی حسینہ واجد نے اس سلسلے کو اپنے 15 سالہ دور اقتدار کے دوران بھی جاری رکھا۔

پچھلے ماہ ان کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی لگائی گئی اور اس کی قیادت پر مقدمات چلائے جا رہے ہیں۔

خیال رہے پچھلے برس شیخ مجیب الرحمان کی بیٹی 77 سالہ حسینہ واجد کو شدید احتجاج کے بعد اقتدار سے ہاتھ دھونے پڑے تھے اور وہ انڈیا فرار ہو گئی تھیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More