لائیو: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، مالی سال کے آغاز پر انڈیکس بلند ترین سطح پر

اردو نیوز  |  Jul 01, 2025

اہم نکات

لاہور سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

مون سون بارشوں سے ملک بھر میں 57 ہلاک، 99 زخمی

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نئے مالی سال کے آغاز پر تاریخی تیزی کا رجحان

پاکستان نے جولائی کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی 

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئے مالی سال کے آغاز پر زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے کو مل رہا ہے۔ 

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو کے ایس ای-100 انڈیکس میں دو ہزار 404 پوائنٹس کا زبردست اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد انڈیکس 1,28,031 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

یہ اضافہ 1.87 فیصد بڑھوتری کو ظاہر کرتا ہے جس کے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سرمایہ کاروں کے مثبت رجحان اور مارکیٹ پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔

اے پی پی کے مطابق ایک روز قبل، پیر کو مالی سال 2024-25 کے اختتام پر بھی مارکیٹ نے زبردست تیزی کے ساتھ کاروباری دن کا اختتام ہوا۔ پیر کو کے ایس ای-100 انڈیکس میں 1248.25 پوائنٹس یعنی 1 فیصد کا اضافہ ہوا، اور انڈیکس 1,25,627.31 پوائنٹس پر بند ہوا، جو مارکیٹ کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 4.4  

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت قصور، اوکاڑہ، ننکانہ، شیخوپورہ سمیت دیگر شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی ہے، گہرائی 14 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز جنوب مغرب لاہور تھا۔

پنجاب کے دیگر شہروں مریدکے، کامونکی، گوجرانوالہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

مون سون بارشوں سے ملک بھر میں 57 ہلاکتیں، 5 جولائی تک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون کی بارشوں کے باعث 26 جون سے ملک بھر میں کم از کم 57 افراد ہلاک جبکہ 99 زخمی ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم نے جاری اعلامیے میں 5 جولائی تک مزید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈز کے امکانات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مر طوب رہنے کی توقع ہے جبکہ کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقاما ت پر موسلادھاربارش کی پیشگوئی ہے۔

مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، لاہور، ملتان اور بھک رمیں چند مقاما ت پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ صوبہ کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور مر طوب رہے گا۔

پاکستان نے جولائی کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی 

پاکستان نے جولائی 2025 کے مہینے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان یہ ذمہ داری گہرے مقصد اور یقین کے ساتھ نبھانے جا رہا ہے، ہمارا نقطہ نظر اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں، بین الاقوامی قانون کے احترام  پر مبنی رہے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنے دور صدارت کے دوران، پاکستان ٹھوس اور عمل پر مبنی بات چیت کو فروغ دے گا۔ ایجنڈے کے تمام آئٹمز میں جامع شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا اور تعمیری مکالمے کو فروغ دیا جائے گا۔ پاکستان سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی وسیع تر رکنیت کے درمیان ایک پل کے طور پر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے، اس یقین سے رہنمائی کرتا ہے کہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنا مشترکہ ذمہ داری ہے۔

 پاکستان کا سلامتی کونسل سے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ 

پاکستان نے سلامتی کونسل سے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے بریفنگ کے دوران کہا کہ اسرائیل غزہ اور مغربی کنارے میں تمام فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے۔

نہوں نے کہا کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی بلا تاخیر قائم کی جائے اور انسانی امداد پر عائد تمام پابندیاں مکمل طور پر ختم کی جائیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More