یورپ میں شدید گرمی کی لہر، فرانس میں ریڈ الرٹ، ایفل ٹاور کا بالائی حصہ بند

اردو نیوز  |  Jul 01, 2025

یورپ بھر میں شدید گرمی کی لہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ فرانس میں درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ متوقع ہے جس کے باعث منگل کو پیرس میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایفل ٹاور کے بلندترین حصے کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ پیرس میں آلودگی پھیلانے والی ٹریفک اور تیز رفتاری پر سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔

فرانس سمیت یورپ کے کئی ممالک جن میں اٹلی، یونان، بلقان اور جزیرہ نما آئبیرین شامل ہیں، گزشتہ کئی دنوں سے شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث صحت سے متعلق ایمرجنسی الرٹس اور جنگلات میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے خطرات پر وارننگز جاری کی جا چکی ہیں۔

فرانسیسی موسمیاتی ادارے ’میٹیو فرانس‘ کے مطابق ملک بھر کے 16 علاقے شدید گرمی کی زد میں ہیں جبکہ 68 علاقوں بلند ترین ٹمپریچر سے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہیں۔ منگل کو درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے جبکہ رات کا درجہ حرارت بھی معمول سے کہیں زیادہ یعنی 20 تا 24 ڈگری کے درمیان رہے گا۔

ایفل ٹاور کے آپریٹرز نے گرمی کی حالیہ لہر کے پیشِ نظر اس کے بلند ترین حصے کو منگل اور بدھ کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے تاہم پہلی اور دوسری منزل تک عوام کی رسائی برقرار ہے۔ اس دوران شہریوں کو دھوپ سے بچاؤ اور زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی تلقین کی گئی ہے۔

پیرس کے علاقے ایلے ڈے فرانس میں اوزون کی سطح بڑھنے کے سبب صرف کم آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو مخصوص اوقات میں سڑکوں پر چلنے کی اجازت ہے جبکہ بعض علاقوں میں رفتار کی حد 20 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے۔

فرانسیسی موسمیاتی ادارے ’میٹیو فرانس‘ کے مطابق ملک بھر کے 16 علاقے شدید گرمی کی زد میں ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)فرانسیسی حکومت کے مطابق گرمی کے باعث تقریباً 1350 سکولوں کو جزوی یا مکمل طور پر بند کیا جا رہا ہے کیونکہ کلاس رومز میں ہوا کی آمدورفت کے ناقص نظام کے سبب بچوں کی طبیعت بگڑنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔

حکام نے بزرگوں، چھوٹے بچوں اور مریضوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

’موسمیاتی تبدیلی ہیٹ ویوز کو مزید سنگین بنا رہی ہے‘

یونیورسٹی آف ریڈنگ کے ماہرِ موسمیات اکشے دیوراس نے کہا ہے کہ ’ہمیں گرمی کی لہر کو اسی سنجیدگی سے لینا ہو گا جیسے ہم خطرناک طوفانوں کو لیتے ہیں۔‘

ایفل ٹاور کے آپریٹرز نے گرمی کی حالیہ لہر کے پیشِ نظر اس کے بلند ترین حصے کو منگل اور بدھ کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)سائنس دانوں کے مطابق انسانی سرگرمیوں کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلیاں ایسے شدید موسموں میں مزید تواتر کا سبب بن رہی ہیں۔

یورپ کے دیگر ممالک میں بھی الرٹ جاری

دوسری جانب پرتگال، سپین، اٹلی، کروشیا، مونٹی نیگرو اور ترکیہ میں بھی گرمی کی شدت برقرار ہے۔ پرتگال میں کئی علاقوں کو ریڈ الرٹ سے اورنج الرٹ پر لایا گیا ہے مگر وسطی شہروں میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ دارالحکومت لزبن میں بھی 34 ڈگری متوقع ہے۔

سپین کے جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت 46 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا جو وہاں جون کے مہینے کے لیے نیا ریکارڈ ہے۔ اٹلی کے 18 شہروں بشمول روم، میلان، ویرونا اور پالرمو  میں ریڈ الرٹ لاگو کر دیا گیا ہے۔

اُدھر شمالی اٹلی کے علاقے پیڈمونٹ میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب نے ایک 70 سالہ شخص کی جان لے لی ہے۔

سپین کے جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت 46 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)ترکیہ کے مغربی صوبے ازمیر میں تیز ہواؤں کے باعث جنگل کی آگ نے شدت اختیار کر لی ہے جس کے باعث 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

یونان بھی جنگل کی آگ سے متاثر ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More