’کانٹا لگا گرل‘: شیفالی کی اچانک موت کے بعد بڑھتی عمر کے اثرات کو کم کرنے والے طریقہ علاج پر بحث

بی بی سی اردو  |  Jul 02, 2025

سنہ 2002 میں بالی وڈ کے معروف گیت ’کانٹا لگا‘ کے ری مکس سے معروف ہونے والی ماڈل اور اداکارہ شیفالی زریوالا کی محض 42 سال کی عمر میں اچانک موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم اس کے بار ے میں بہت سی باتیں کی جا رہی ہیں۔

اُن کی موت کی تحقیقات کرنے والے کچھ پولیس افسران نے کہا ہے کہ شیفالی بہت سی دوائیں لے رہی تھیں جس میں اینٹی ایجنگ گولیاں (بڑھتی عمر کے اثرات کو کم کرنے والی ادویات) بھی شامل تھیں اور غالباً یہ دوائیں خالی پیٹ لینے کی وجہ سے ان کا بلڈ پریشر اچانک گِر گیا۔

انڈین خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ نے ایک پولیس افسر کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ 27 جون کی دوپہر کو شیفالی نے ایک اینٹی ایجنگ انجکشن لگوایا تھا۔

پولیس افسر نے ابتدائی تفتیش کے حوالے سے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اِس کے بعد ’اُن کا بلڈ پریشر تیزی سے کم ہوا اور وہ کانپنے لگیں جس کے بعد اہلخانہ انھیں ہسپتال لے گئے۔‘

شیفالی کو 27 جون کو ’اندھیری‘ کے بیلیوو ملٹی سپیشلٹی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دیا۔ پولیس کو دیر رات ایک بجے ان کی موت کی اطلاع دی گئی اور اس کے بعد ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ممبئی کے ہسپتال بھیج دیا گیا۔

پولیس کے مطابق: ’پولیس نے اب تک ان کی موت کے متعلق 10 لوگوں کے بیانات قلمبند کیے ہیں، جن میں شیفالی کے شوہر اور والدین کے ساتھ ساتھ گھر میں کام کرنے والے ملازمین بھی شامل ہیں۔ وہ سب اُس وقت گھر پر تھے۔ تاہم اب تک کچھ بھی مشتبہ نہیں ملا ہے۔ تحقیقات کے سلسلے میں پولیس کی ایک ٹیم فرانزک ماہرین کے ساتھ اُن کے گھر گئی اور بہت سی چیزوں کے نمونے اکٹھے کیے۔ اس میں شیفالی کی دوائیاں اور انجیکشن بھی شامل ہیں۔‘

اگرچہ شیفالی کی موت کا تعین ہونا ابھی باقی ہے مگر اسی کے بیچ انڈیا اور پاکستان میں یہ بحث تیز ہو گئی ہے کہ اینٹی ایجنگ ٹریٹمنٹ سے کون سے خطرات وابستہ ہو سکتے ہیں۔

معروف اداکاراؤں نے کیا کہا؟Getty Imagesشیفالی کی موت کے بعد شوبز انڈسٹری سے منسلک بہت سی اداکاراؤں نے صحت مند طرز زندگی کی اہمیت پر زور دیا ہے

شیفالی کی موت کے بعد اداکارہ ملیکا شیراوت نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو ’صحت مند طرز زندگی‘ اپنانے کا مشورہ دیا۔

انھوں نے کہا: ’میں نے کوئی فلٹر استعمال نہیں کیا، کوئی میک اپ نہیں کیا۔ میں نے اپنے بال بھی نہیں سنوارے۔ میں یہ ویڈیو آپ سب کے ساتھ شیئر کر رہی ہوں تاکہ ہم سب مل کر بوٹوکس، مصنوعی کاسمیٹک فلرز کو ناں اور ایک صحت مند طرز زندگی کو ہاں کہہ سکیں۔‘

دوسری جانب ایک انٹرویو میں اداکارہ کرینہ کپور نے کہا کہ ’میں بوٹوکس کے خلاف ہوں۔‘

تاہم وہ صرف اداکاراؤں کے لیے بڑھتی عمر کے ساتھ بڑھتے ہوئے چیلنجز پر بات کر رہی تھیں اور ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ بھی جھریوں اور بڑھاپے سے ڈرتی ہیں؟

اس کے جواب میں کرینہ نے کہا کہ ’میں بوٹوکس کے خلاف ہوں، مگر میں اپنی صحت کی حفاظت کے حق میں ہوں، جس کا مطلب ہے صحت مند رہنا، اچھا محسوس کرنا اور قدرتی علاج۔۔۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ چھٹیاں منائیں، فیملی اور دوستوں کے ساتھ وقت گزاریں، سیٹ پر آپ جو کچھ کرتے ہیں اس سے مختلف کریں نہ کہ انجیکشنوں اور سرجریوں میں الجھیں۔‘

تاہم ان دونوں اداکاراؤں نے اپنے بیان میں شیفالی کا ذکر نہیں کیا تاہم اُن کی موت کے بعد ان دونوں اداکاراؤں کے بیانات کو ان کی موت سے جوڑا جا رہا ہے۔

اینٹی ایجنگ ٹریٹمنٹ کیا ہے؟Getty Imagesچہرے سے بڑھتی عمر کے آثار کو کم کرنے اور نوجوان نظر آنے کے لیے اینٹی ایجنگ علاج کافی عرصے سے مقبول ہے

جیسے جیسے ہماری عمر بڑھتی ہے چہرے پر ناصرف جُھریاں نمودار ہونے لگتی ہیں بلکہ چہرے کی جلد بھی آہستہ آہستہ ڈھلکنے لگتی ہے۔ لیکن بڑھتی عمر کے ان اثرات کو کم کرنے کے لیے آج کل کاسمیٹک سرجری، انجیکٹیبل فلرز، بوٹوکس وغیرہ کا رجحان بڑھ گیا ہے۔

اینٹی ایجنگ ٹریٹمنٹ کچھ ادویات یا دواؤں اور مرکبات کے امتزاج سے کیا جاتا ہے جو بڑھاپے کے اثرات کو کم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔

ان میں سب سے زیادہ مقبول بوٹوکس ہے جو کہ ایک طاقتور انجکشن ہے جو ہمارے پٹھوں کے بہت چھوٹے حصے کو ریلیکس کرتا ہے۔ بوٹوکس کا استعمال پیشانی کی لکیروں یا آنکھوں کے گرد حلقوں، ناک کے گرد جھریوں کو کم کرنے کے لیے کیا جا سکتا ہے۔

انڈیا میں فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے 20 سال سے زیادہ عرصہ پہلے ہی کاسمیٹک طریقہ کار میں اس کے استعمال کی منظوری دی تھی۔

دی ایستھیٹک کلینک کے سینیئر کاسمیٹک سرجن ڈاکٹر دیبراج شوم نے ایک ہندی نیوز ویب سائٹ ’دی للن ٹاپ‘ کو بتایا کہ ڈرمل فلرز ایسے انجیکشن ہیں جو جلد کے اندر لگائے جاتے ہیں۔ یہ اسی مادے سے بنتے ہیں جس سے ہماری جلد کے خُلیات بنتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ عمر کے ساتھ جلد میں کولیجن کم ہونے لگتا ہے لیکن فلرز کی مدد سے کولیجن واپس آ جاتا ہے اور چہرہ جوان نظر آنے لگتا ہے۔

شیفالی زریوالا کی اچانک موت: ’دنیا میں صرف ایک ہی ’کانٹا لگا‘ گرل ہو سکتی ہے اور وہ میں ہوں‘ملٹی وٹامنز کا استعمال کب فائدے مند، کب نقصان دہ: ’یہ پھل سبزیوں کا نعم البدل نہیں‘’خوبصورتی‘ حاصل کرنے کے قدیم طریقوں اور رسموں کی واپسی’خوبصورت‘ نظر آنے کے لیے کاسمیٹک سرجری: ’مجھے لگا تھا کہ شاید چہرے پر بال آنا کم ہو جائیں گے‘

بہت سے لوگ اینٹی ایجنگ کے لیے گلوٹاتھیون انجیکشن بھی استعمال کرتے ہیں۔ یہ ایک اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو ہمارے جسم کے خلیوں کو عمر کے ساتھ پہنچنے والے نقصان کو روکنے میں مدد کرتا ہے۔ گلوٹاتھیون اکثر نسوں کے انجیکشن اور گولیوں کے ذریعے لیا جاتا ہے۔

ڈرمیٹالوجی کی سینیئر کنسلٹنٹ ڈاکٹر انجو جھا کا کہنا ہے کہ ’گلوٹاتھیون ہمارے جسم میں پہلے سے موجود ہے، لیکن عمر کے ساتھ جسم گلوٹاتھیون کی پیداوار کو کم کرتا ہے، اس لیے اسے بیرونی ذرائع سے لیا جاتا ہے۔ یہ بھی مانا جاتا ہے کہ گلوٹاتھیون لینے والوں کی جلد کی رنگت کچھ بہتر ہوتی ہے۔ لیکن اگر نس کے ذریعے اسے لیا جائے تو اس کے نتائج اور بھی بہتر ہوتے ہیں۔ لیکن اس کے ضمنی اثارت بھی ہیں اور اسے ایف ڈی اے سے منظوری بھی حاصل نہیں ہے۔‘

یہ علاج کتنا محفوظ ہے؟Getty Imagesماہرین کی نگرانی میں اس علاج کا مشورہ دیا جاتا ہے

کیا یہ فلرز یا گلوٹاتھیون انجیکشن اتنے خطرناک ہو سکتے ہیں کہ کسی کی جان لے سکتے ہیں؟

’انڈین ایکسپریس‘ سے بات کرتے ہوئے دہلی کے سر گنگا رام ہسپتال میں جلد کے امراض کے شعبے کے چیئرمین ڈاکٹر رشی پراشر کہتے ہیں کہ ’کچھ مستثنیات کو چھوڑ کر، ایسے انجیکشن اب تک محفوظ ثابت ہوئے ہیں۔ لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ انھیں رجسٹرڈ ڈرمیٹولوجسٹ کی تشخیص اور نگرانی میں لیا جانا چاہیے۔‘

اس کے ساتھ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بوٹوکس کے خطرات پر بحث اپریل 2024 میں اس وقت تیز ہوئی جب یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (سی ڈی سی) نے ایک وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ 25 سے 59 سال کی عمر کی 22 خواتین میں بوٹوکس کے نقصان دہ رد عمل دیکھے گئے جن میں سے 11 کو ہسپتال میں داخل کرانا پڑا اور چھ افراد میں یہ دیکھا گیا کہ بوٹوکس کے لیے دیے گئے ٹاکسنز پھیل کر ان کے نروس سسٹم تک پہنچ گئے۔ یہ ایسی حالت ہے جو موت کا باعث بھی بن سکتی ہے۔

اس پر ڈاکٹر پراشر نے کہا کہ بعدازاں یہ ثابت ہوا کہ ان تمام خواتین نے بغیر لائسنس یا غیر تربیت یافتہ لوگوں سے انجکشن ایسے مقامات پر لگوائے جہاں صحت کے مراکز تک نہیں تھے۔

ان ادویات کے خطرات پر ڈاکٹر انجو جھا کہتی ہیں کہ ’ایف ڈی اے نے گلوٹاتھیون کو اس لیے منظور نہیں کیا کیونکہ اس کے کچھ مضر اثرات دیکھے گئے ہیں۔ کچھ مریض اس کی وجہ سے انفیلیکشن کا شکار ہو سکتے ہیں۔ انجیکشن لگانے والی دوائیں سٹیون جانسن جیسی بیماریاں پیدا کر سکتی ہیں۔ یہ ایسی حالتیں ہیں جو دواؤں کے ردعمل سے پیدا ہوتی ہیں، جن میں موت کا خدشہ تو ہے لیکن یہ شاذو نادر کے زمرے میں آتا ہے۔‘

وہ کہتی ہیں کہ جو لوگ جلد کو چمکدار بنانے یا جلد کو صاف ستھرا بنانے کے لیے ان ادویات کا استعمال کرتے ہیں، ان پر اس کا اثر تب ہی پڑتا ہے جب تک وہ اسے لے رہے ہوں۔ اس کا اثر ہمیشہ نہیں رہتا۔

ڈاکٹر انجو کہتی ہیں: ’یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ آپ کتنی دوائیاں لے رہے ہیں، آپ کو اسے لینا چاہیے یا نہیں۔ کیا آپ کو کوئی موجودہ مسئلہ ہے جو ان دوائیوں سے بڑھ سکتا ہے؟ اس سب کے لیے کسی اچھے ماہر امراضِ جلد کے مشورے کی ضرورت ہے۔‘

تاہم وہ کہتی ہیں کہ ایسے شواہد فی الحال نہیں ہیں کہ ’یہ (دوائیاں) ہارٹ اٹیک (دل کے دورے) کا باعث نہیں بن سکتیں۔ لیکن بعض اوقات زیادہ خوراک لینے سے جگر اور گردے متاثر ہو سکتے ہیں، اور اس طرح کے دیگر بالواسطہ اثرات ہوتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ یہ علاج کسی ماہر ڈاکٹر کی نگرانی میں کروایا جائے جو یہ جانتا ہو کہ کس پٹھے میں انجیکشن لگانا ہے اور کتنی مقدار میں۔ یہ خود نہ کریں، پارلر میں نہ کروائیں، اور کسی ایسے ڈاکٹر سے بھی نہ کروائيں جو اس طریقہ علاج کا ماہر نہ ہو۔‘

شیفالی زریوالا کی اچانک موت: ’دنیا میں صرف ایک ہی ’کانٹا لگا‘ گرل ہو سکتی ہے اور وہ میں ہوں‘ملٹی وٹامنز کا استعمال کب فائدے مند، کب نقصان دہ: ’یہ پھل سبزیوں کا نعم البدل نہیں‘چین کی ’بیوٹی فیکٹری‘: ’میں نے 100 سے زیادہ بار کاسمیٹک سرجری کرائی ہے‘ابٹن اور ریٹینول جیسے جِلد نکھارنے کے مشورے اور ٹوٹکے کیا سچ مُچ اثر کرتے ہیں؟لیبارٹری میں ’جِلد‘ تیار: وہ تحقیق جو آپ کو بڑھاپے میں بھی جوان بنا سکتی ہےآپ کے چہرے پر سوجن کیوں ہوتی ہے اور اس میں کمی کیسے کی جا سکتی ہے؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More