9 محرم کا جلوس نشتر پارک سے ایک بجے برآمد ہوگا، سکیورٹی کے سخت انتظامات

ہماری ویب  |  Jul 05, 2025

9 محرم الحرام کو نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور اُن کے رفقا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جلوس و مجالس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے ایک بجے برآمد ہوگا۔ جلوس سے قبل مرکزی نشتر پارک میں منعقدہ مجلس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کرینگے۔ جلوس کے شرکا نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے مولانا صادق جعفری کی اقتداء میں ادا کریں گے۔ نماز ظہرین کا اہتمام امایہ اسٹوڈنٹس کی جانب سے کیا جائیگا۔

نماز ظہرین کے بعد جلوس کے شرکا نمائش، صدر، ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ، ڈینسو ہال کھارادر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کی قیادت پاک حیدری اسکاؤٹ کرے گا۔ مرکزی جلوس کے موقع پر شہر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کر سیل کیا گیا ہے جبکہ جلوس کی سکیورٹی کے لیے پولیس و رینجرز بھی تعینات ہے اور جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ جلوس روٹ پر واقع بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ 9 محرم کو فول پروف اور غیر معمولی اقدامات کے تحت محفوظ اور پرامن بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے باہم اشتراک سے جملہ سکیورٹی امور کو یقینی بنائیں۔ مجالس، چھوٹے بڑے جلوسوں کے منتظمین سے مسلسل روابط کو ممکن بنایا جائے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ رات گئے مجالس و جلوسوں سے گھروں کو جانے والے شہریوں کو تحفظ کی فراہمی میں کوئی غفلت یا لاپروائی ناقابل برداشت ہوگی۔

مرکزی جلوس کے راستوں اور گزرگاہوں سمیت مرکزی جلوس کی نگرانی اور سکیورٹی کے لیے جموعی طور پر پولیس کے 7507 افسران و جوان موجود رہیں گے۔ پولیس کے سینئر افسران سمیت 904 این جی اوز، 6603 ہیڈ کانسٹیبل/ کانسٹیبل ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

کراچی پولیس کے سینئر افسران سمیت پولیس کے جوانوں کی بھاری نفری 9 محرم الحرام کے جلوسوں اور محافل کی نگرانی پر مامور ہیں۔ 9 محرم الحرام کے جلوس کے لیے ترتیب دیئے گئے ٹریفک کے متبادل روٹس سمیت مرکزی جلوس کے راستوں اور گزرگاہوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے افسران اور جوان تعینات ہیں۔ پولیس جلوسوں میں شرکت کرنے والے عزاداروں کو مکمل سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ اپنے اردگرد نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک اور غیر معمولی صورت حال سے متعلق پولیس کو مددگار 15 پر فوری اطلاع دیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More