پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مشہور میزبان اور اداکارہ نادیہ خان اس ہفتے سوشل میڈیا پر اُس وقت خبروں کی زینت بن گئیں جب انہوں نے فلم سردار جی 3 پر دلجیت دوسانجھ کی حمایت میں تبصرہ کیا۔ ان کے اس مؤقف کو سوشل میڈیا صارفین نے "یوٹرن" قرار دیا، جس پر نادیہ نے فوری طور پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وضاحت دی۔
نادیہ خان نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ وہ اب بھی بھارتی فلمی صنعت سے متعلق اپنے مؤقف پر قائم ہیں، تاہم دلجیت دوسانجھ نے جس جرات کے ساتھ پاکستانی فنکاروں کے لیے آواز بلند کی، وہ پہلے کبھی نہیں ہوا، اس لیے اُن کی حمایت کرنا حق بنتا ہے۔
لیکن بات صرف وضاحت تک محدود نہ رہی۔ اسی ویڈیو میں نادیہ نے تمام "منفی ٹرینڈ سیٹرز، پوڈکاسٹرز، اینکرز اور اداکاروں" کو خبردار کرتے ہوئے کہا:
"یہ ایک سنجیدہ وارننگ ہے: اگر کسی نے میرے خلاف ذاتی تبصرہ کیا تو میں نہ صرف ہتکِ عزت کا مقدمہ کروں گی بلکہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی بھی ختم کروا سکتی ہوں۔ مجھ پر بات کی تو عدالت میں ملاقات ہوگی!"
نادیہ کی اس دھمکی کے بعد سوشل میڈیا پر گویا طنز اور جوابات کا سیلاب آگیا۔
یاسر حسین نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں اس وارننگ پر تبصرہ کرتے ہوئے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا:
"یہ صبا فیصل جی اور ثروت گیلانی نے ہی کچھ بولا ہوگا۔ میرے 1.5 نمبروں سے اگر کسی کو برا لگا ہے تو میں معذرت کرتا ہوں اور اُنہیں 2.5 نمبر کر دیتا ہوں۔ اب سب خوش؟ Happy to you!"
صبا فیصل نے یاسر حسین کے ساتھ مزاحیہ انداز میں اتفاق کرتے ہوئے جواب دیا:
"اگر آپ کریں تو درست، ہم کریں تو بدنامی؟ تُہاڈا کُتا ٹومی تے ساڈا کُتا۔۔۔ کُتا؟ ہاہاہا!"
یاسر نے بھی فوراً جواب دیا:
"میں کچھ کروں تو کیریکٹر لیس؟ میں کروں تو کیریکٹر شیلا ہے؟ صبا فیصل جی، آپ تو بہت شرارتی ہیں!"
ادھر ثروت گیلانی نے نادیہ خان کی وارننگ کے بعد ایک معنی خیز پیغام شیئر کیا، جس میں طنز چھپا ہوا تھا۔
دوسری جانب اداکارہ زرنش خان بھی پیچھے نہ رہیں۔ انہوں نے نادیہ خان کی ویڈیو کلپ ری شیئر کرتے ہوئے لکھا:
"کم از کم اب تو آپ کو اندازہ ہو ہی گیا ہوگا کہ دوسرے کیسا محسوس کرتے ہیں جب آپ اُن کے خلاف تبصرے کرتی ہیں۔"
انہوں نے مزید لکھا:
"آپ کو کیا حق ہے کہ کسی پر ذاتی حملے کریں یا مذاق اُڑائیں؟ خود پر بات آئے تو برداشت نہیں ہوتا، لیکن دوسروں پر کچھ بھی کہہ دینا ٹھیک ہے؟ عزت دینے سے عزت ملتی ہے۔ اپنی زبان پر قابو رکھیں تاکہ دوسروں کو بولنے کی نوبت نہ آئے!"
نادیہ خان نے ان تبصروں کے جواب میں انسٹاگرام پر ایک اور پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا:
"مجھے تمہارے نمبروں کی ضرورت نہیں۔ تمہیں فکر ہونی چاہیے اپنے ڈرامہ ’پیرڈائز‘ کی ریٹنگز کی، جس پر چینل کا پیسہ ضائع ہوا۔ خوشی ہے لوگ اب بھی Happy To You کو یاد رکھتے ہیں۔"
یاسر حسین نے اس پر آخری جواب کچھ یوں دیا:
"نمبرنگ کی ضرورت تو کسی کو بھی نہیں ہوتی، مگر آپ بھی تو اکثر دے ہی دیتی ہیں، تو آپ کے کیریئر کے جو دو ڈھائی نمبر بنتے ہیں، براہِ کرم قبول فرما لیجیے۔"
"باقی 'پیرڈائز' کی آپ فکر نہ کریں، آپ اپنے چغلی شو کی فکر کریں جس کی واچ لسٹ پر ساری انڈسٹری تھو تھو کر رہی ہے۔ ادب کے ساتھ... فقط آپ کا بہت جونیئر"