وہ سب کی ماں جیسی تھی۔۔ شیفالی جریوالا کے شوہر کا آنجہانی بیوی کے لیے الوداعی پیغام

ہماری ویب  |  Jul 05, 2025

"شیفالی میری پری تھی… وہ ہمیشہ ’کانٹا لگا گرل‘ کہلائے گی، لیکن وہ اس سے کہیں زیادہ تھی جو نظر آتی تھی۔ خوبصورت، ذہین، باہمت، اور بے حد محبت کرنے والی… وہ سب کی ماں جیسی تھی، ہر ایک کا خیال رکھنے والی، اُس کی موجودگی ہر جگہ سکون لے آتی تھی۔"

بالی ووڈ کی مقبول ریمکس "کانٹا لگا" سے شہرت پانے والی اداکارہ و ماڈل شیفالی جری والا کی اچانک موت کے بعد، اُن کے شوہر پراگ تیاگی نے سوشل میڈیا پر ایک ایسی تصویر شیئر کی، جس نے خاموشی میں لپٹے ہزاروں جذبات کو زبان دے دی۔ اس تصویر کے ساتھ پراگ کا محبت اور اداسی سے بھرا پیغام صرف ایک شوہر کی یاد نہیں، بلکہ ایک مکمل زندگی کے بکھر جانے کی کہانی تھی۔

پراگ نے لکھا کہ شیفالی بظاہر ایک چمکدار، دلکش اور مشہور چہرہ تھی، لیکن اُس کے اندر ایک ایسا شخص بستا تھا جو ہر رشتے کو پوری سچائی سے نبھاتا تھا۔ "وہ اپنی کامیابیوں سے بڑھ کر ایک انسان تھی، جو ہر وقت دوسروں کی فکر کرتی، سب کو اپنائیت دیتی اور کسی کے لیے بھی پناہ گاہ بن جاتی تھی۔"

انہوں نے مزید کہا کہ شیفالی نے ہمیشہ ایک بامقصد زندگی گزاری۔ وہ اپنے ذہن، جسم، روح اور کیریئر کو نکھارنے میں مصروف رہتی۔ لیکن اصل کمال یہ تھا کہ وہ صرف اپنی نہیں، دوسروں کی بہتری کے لیے بھی جیتی تھی۔ "وہ صرف میری بیوی نہیں تھی، وہ سمبا (ہمارے پالتو) کی شاندار ماں، اپنے والدین کی چہیتی بیٹی، اور ہر اس شخص کی دوست تھی جو کبھی بھی مشکل میں تھا۔"

پراگ نے خواہش ظاہر کی کہ دنیا شیفالی کو صرف ’کانٹا لگا گرل‘ کے طور پر نہ پہچانے بلکہ ایک ایسی عورت کے طور پر یاد رکھے، جو جہاں گئی، وہاں روشنی اور خوشبو چھوڑ آئی۔

شیفالی جری والا 27 جون کو اچانک دل کا دورہ پڑنے سے دنیا سے رخصت ہوئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی شبہ ہے کہ اینٹی ایجنگ ادویات اور انجکشنز کے باعث ان کے دل پر اثر پڑا۔ تاہم ان کی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ ابھی سامنے آنی باقی ہے۔

اُن کی موت نے نہ صرف شوبز انڈسٹری بلکہ اُن کے مداحوں اور چاہنے والوں کو بھی گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ لیکن پراگ تیاگی کی سادہ، پُرخلوص اور آنسو بھری تحریر نے ایک بار پھر یاد دلایا کہ شہرت کے پیچھے بھی دل دھڑکتے ہیں، اور اسکرین پر چمکنے والوں کی زندگی میں بھی خاموش دکھ چھپے ہوتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More