سریے تک باہر نکلے تھے۔۔ لیاری میں گرنے والی عمارت کی چند گھنٹے پہلے کی ویڈیو سامنے آگئی ! دیکھیں

ہماری ویب  |  Jul 09, 2025

لیاری کے علاقے بغدادی میں گرنے والی عمارت کی ایسی ویڈیو سامنے آگئی ہے جو حادثے سے صرف چند گھنٹے پہلے ریکارڈ کی گئی تھی۔ یہ ویڈیو خود متاثرہ مکینوں نے بنائی تھی۔ اس ویڈیو میں عمارت کے وہ واضح نشانات دکھائی دے رہے ہیں جنہیں شاید وقت پر سنجیدگی سے لیا جاتا تو 27 زندگیاں بچائی جا سکتی تھیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پارکنگ ایریا کے پلرز جگہ جگہ سے شکستہ ہو چکے تھے، سریے دیواروں سے باہر نکلے ہوئے تھے، اور عمارت کی بنیادوں میں خطرناک دراڑیں نمودار تھیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ان تمام سنگین نشانیوں کے باوجود، پارکنگ ایریا میں کئی گاڑیاں اور رکشے کھڑے دکھائی دے رہے ہیں۔ گویا موت کی گھنٹیوں کے بیچ زندگی معمول کے مطابق چل رہی تھی۔

یاد رہے کہ یہ دلخراش حادثہ 4 جولائی کو پیش آیا تھا، جب عمارت زمین بوس ہوئی اور ملبے تلے دب کر 27 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 11 دیگر شدید زخمی ہوئے۔ اس واقعے نے نہ صرف شہر کو ہلا کر رکھ دیا بلکہ یہ سوال بھی اٹھایا کہ آخر خطرے کی ان واضح علامات کے باوجود بروقت کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟

حکومتِ سندھ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے فوری طور پر ایک پانچ رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے، جس کی سربراہی کمشنر کراچی حسن نقوی کر رہے ہیں۔ کمیٹی کو 48 گھنٹوں میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More