امریکی جریدے کے مطابق ٹرمپ حکومت کی جانب سے بنائی جانے والی نئی سکیورٹی پالیسی میں ائیرپورٹس پر سکریننگ کے لیے جوتے اتارنے کی شرط ختم کردی گئی ہے۔
گزشتہ روز اعلان کردہ نئی پالیسی کے تحت امریکی ہوائی اڈوں پر مسافروں کو سکیورٹی چیک کے دوران جوتے اتارنے کی ضرورت نہیں ہوگی، جس سے 20 سالہ شرط ختم ہوگئی ہے۔
ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے اس بات کا انکشاف کیا کہ ایک غیر مقبول پالیسی کو ختم کردیا گیا، جس کے بعد اب مسافروں کو امریکی ہوائی اڈوں پر سکیورٹی اسکریننگ سے گزرنے کے لیے جوتے نہیں اتارنے پڑیں گے.
یاد رہے کہ یہ پالیسی 9/11 کے حملوں کے تقریباً پانچ سال بعد نافذ کی گئی اور جب رچرڈ ریڈ نامی مسافر جو "شو بمبار" کے نام سے جانا جاتا ہے، نے پیرس سے میامی جانے والی پرواز میں اپنے جوتوں میں چھپے ہوئے دھماکا خیز آلات کو آگ لگانے کی کوشش میں ماچس کا استعمال کیا۔
تاہم سیکریٹری کرسٹی نوم نے کہا کہ نئی پالیسی کے اطلاق کے باوجود اگر سکیورٹی کسی مسافر کو چیک کرنا چاہے گی تو اس کے جوتے اتروا سکتی ہے، ٹی ایس اے کے مطابق حفاظتی عمل کی دیگر شرائط کا اطلاق مسافروں پر ویسے ہی کیا جائے گا۔ جیسے مسافروں کا شناختی عمل، اگلی پرواز کے حوالے سے معلومات اور سامان کی جانچ کی دیگر شرائط ۔
واضح رہے کہ امریکی محکمہ نقل و حمل کے مطابق، مالی سال 2023 میں 10 ملین سے زیادہ پروازوں میں 1 بلین سے زیادہ مسافروں نے امریکی ہوائی اڈوں سے پرواز کی۔