خیبر پختونخوا حکومت نے ضلع ٹانک میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے تین افسران کو فوری معطل کردیا ہے
یہ عمل ضلع ٹانک میں جاری ترقیاتی منصوبے''کم ترقی یافتہ اضلاع کے لیے اپ لفٹ پروگرام'' کے تحت چلنے والے پانی کی فراہمی کے منصوبے میں کی گئی، تینوں افسران کو مبینہ طور پر بے قاعدگیوں میں ملوث پایا گیا ہے۔
محکمہ آبنوشی کے سیکریٹری کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق خیبر پختونخوا گورنمنٹ سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2011 کے رول 6 کے تحت ان افسران کی خدمات 120 دن کے لیے معطل کی گئی ہیں۔
معطل کیے گئے افسران میں گریڈ 18 کے ایگزیکٹو انجینئر، اسکیل 12 کے سب ڈویژنل آفیسر آپریشنز اور اسکیل 7 کا ٹریسر شامل ہیں، مذکورہ ٹریسر منصوبے میں سب انجینئر کے طور پر کام کر رہا تھا۔
محکمہ آبنوشی کے مطابق مذکورہ ملازمین کی معطلی کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر ٹانک کے خط اور محکمہ کے اندرونی مانیٹرنگ رپورٹ کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ معطلی کے دوران ان کے خلاف تفتیشی کارروائی مکمل کی جائے گی۔