پاکستان نے تین ملکی ٹی20 سیریز میں متحدہ عرب امارات کو 31 رنز سے شکست دے دی۔
شارجہ میں کھیلے گئے تین ملکی ٹی20 سیریز کے ایک میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 31 رنز سے ہرا دیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 44 گیندوں پر ناقابلِ شکست 77 رنز بنائے جبکہ محمد نواز بھی 37 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
دیگر بلے بازوں میں صاحبزادہ فرحان نے 16 اور صائم ایوب نے 11 رنز بنائے۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے حیدر علی نے 17 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امارات کے اوپنرز نے 41 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔
پہلی وکٹ 41 کے مجموعی اسکور پر گری، جب محمد وسیم 19 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
امارات کی جانب سے اوپنر علی شان شرافو نے 51 گیندوں پر 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، تاہم ان کے علاوہ کوئی دوسرا بلے باز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔
امارات کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے صرف 15 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں بھی پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 31 رنز سے شکست دی تھی۔