"میں نے ڈاکٹر سے پوچھا کہ اصل میں عمر شاہ کے ساتھ ہوا کیا تھا۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ اسے پہلے سے دوروں کی بیماری تھی، جس نے مجھے حیران کردیا کیونکہ میں تو اس کے ساتھ زیادہ وقت گزارتا تھا لیکن کبھی ایسا نہیں دیکھا۔ ڈاکٹر نے مزید کہا کہ وہ دوروں کی شدت کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے، مگر عمر نے قے کی تھی اور اس میں سے کچھ پھیپھڑوں میں چلا گیا جس سے اس کی سانس رک گئی اور دل کا دورہ پڑ گیا۔ یہ سب چند ہی منٹوں میں ہوا۔ ڈاکٹرز نے افسوس کے ساتھ کہا کہ اگر چند منٹ پہلے پہنچ جاتے تو شاید بچا لیتے، لیکن اس کا وقت آچکا تھا۔"
یہ انکشافات معروف اینکر پرسن وسیم بادامی نے کیے، جو رمضان ٹرانسمیشن کے دوران عمر شاہ اور دیگر بچوں کے ساتھ وقت گزارتے رہے ہیں اور ان کے بہت قریب تھے۔ عمر شاہ کی اچانک اور دل دہلا دینے والی موت نے نہ صرف عام عوام بلکہ شوبز و میڈیا انڈسٹری کو بھی گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
وسیم بادامی نے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں بتایا کہ جب وہ عمر کے بھائی دانیال سے بات کر رہے تھے تو ایک دلخراش منظر سامنے آیا۔ "عمر تابوت میں لپٹا ہوا تھا، ابوبکر بالکل خاموش کھڑا تھا، پھر اچانک رونے لگا کیونکہ اسے اندازہ ہوگیا تھا کہ اگر وسیم بھائی کال پر ہیں تو کوئی بڑا حادثہ ہوچکا ہے۔ عمر کی والدہ کو حقیقت پانچ گھنٹے بعد بتائی گئی۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ دانیال نے کہا کہ "عمر شاہ بالکل نارمل تھا، وہ دن بھر دوسرے بچوں کے ساتھ کھیل رہا تھا اور پاکستان بمقابلہ بھارت میچ بھی بڑے شوق سے دیکھ رہا تھا۔ سب کچھ معمول کے مطابق تھا لیکن رات گئے اچانک یہ حادثہ ہوگیا اور لمحوں میں وہ ہم سب کو چھوڑ کر چلا گیا۔"
عمر شاہ کی موت کی خبر کے بعد پورے ملک میں غم و اندوہ کی فضا چھا گئی۔ سوشل میڈیا پر مداحوں اور فنکاروں نے ننھے اسٹار کی یادیں تازہ کرتے ہوئے اپنی دعائیں اور تعزیتی پیغامات شیئر کیے۔ وسیم بادامی سمیت وہ تمام لوگ جو اس کم عمر اسٹار کے قریب تھے، آج بھی اس صدمے سے باہر نہیں نکل پائے۔