EPA
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد شہروں میں ہونے والے حملوں میں کم از کم 92 شدت پسند اور 15 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس سے قبل جمعہ کے روز پنجگور اور شابان میں مختلف کارروائیوں میں 41 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا، جس کے بعد دو روز میں ہلاک کیے جانے والے شدت پسندوں کی تعداد 133 ہو گئی ہے۔
بیان کے مطابق سنیچر کو ہونے والے حملوں میں 18 عام شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
مقامی پولیس اہلکار کے مطابق خاران میں ملازئی قومی اتحاد کے چیئرمین میر شاہد گل ملازئی کے گھر پر ہونے والے حملے میں شاہد گل سمیت سات افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق اُن کے گھر اور گاڑی کو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گوادر میں ہونے والے حملے میں خضدار سے تعلق رکھنے والے خاندان کے 11 افراد کو ہلاک کیا گیا، ان میں تین خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں۔
حکومت کا دعویٰ ہے کہ دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں دہشتگردوں کے حملوں کو ناکام بنا دیا گیا۔ کوئٹہ کے علاوہ مستونگ، پسنی، گوادر، خاران، نوشکی اور مچھ میں دہشت گردوں نے حملے کیے ہیں، جن کی سرکاری سطح پر تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
سب سے زیادہ شدید حملے کوئٹہ میں ہوئے
بی بی سی کے نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق کوئٹہ میں سنیچر کی صبح چھ بجے کے بعد حملوں کا آغاز ہوا اور دہشت گردوں نے سریاب روڈ اور ہزار گنجی سے لے کر ریڈ زون کے قریب ایدھی چوک کے علاقوں میں حملے کیے۔
کوئٹہ میں حملوں کا آغاز سریاب کے علاقے سے ہوا اور صبح آٹھ بجے تک ان حملوں کا دائرہ کار ریڈ زون کے قریب ایدھی چوک تک پھیل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق سریاب میں ہزارگنجی، شیخ زید ہسپتال، یونیورسٹی، ہیلپر ہسپتال کے قرب و جوار کے علاقوں کے علاوہ امداد چوک کے قریب بھی مسلح افراد موجود تھے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ یونیورسٹی کے قریب مسلح افراد سڑکوں پر تلاشی بھی لیتے رہے۔
ایک سینیئر پولیس آفیسر نے بتایا کہ سریاب میں تین پولیس سٹیشنوں پر حملے کیے گئے جن میں شہید خالق پولیس سٹیشن، نیوسریاب پولیس سٹیشن اور شالکوٹ پولیس سٹیشن شامل ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ شہید خالق آباد پولیس سٹیشن کو حملے کے بعد نذرآتش بھی کیا گیا جبکہ نیوسریاب پولیس سٹیشن کو بھی حملوں میں نقصان پہنچا۔ تاہم شالکوٹ پولیس سٹیشن پر مزاحمت کے باعث حملہ آور تھانے یں داخل نہیں ہوسکے۔
ان پولیس سٹیشنوں کے قریب متعدد گاڑیوں کو بھی نذر آتش کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ مسلح افراد نے ہیلپر ہسپتال کے قریب ایک پولیس موبائل کو بھی نشانہ بنایا۔
بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق، ساڑھے نو بجے کے قریب ایدھی چوک پر ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کی آواز شہر میں دور تک سنی گئی۔
سرکاری حکام کے مطابق اس علاقے میں بارود سے بھری ایک گاڑی کو اڑا دیا گیا جس سے سول سیکریٹریٹ، قرب و جوار کے گھروں، دفاتر، امداد چوک سے سلیم کمپلیکس کے علاقے تک دکانوں اور گھروں اور دفاتر کے شیشے ٹوٹ گئے۔
بلوچستان میں 10 لاشوں کی برآمدگی کا معمہ: ’ہم پر غم کے پہاڑ گرا دیے گئے‘زبیر بلوچ: دالبندین میں ’سکیورٹی فورسز کے آپریشن‘ میں مارے جانے والے وکیل کون تھے؟حب میں جبری گمشدگیوں پر اہلِ خانہ کا احتجاج، ’ہانی بلوچ آٹھ ماہ سے حاملہ ہیں، انھیں اس وقت علاج کی ضرورت ہے‘بلوچستان میں لیویز کا پولیس میں انضمام: پولیسنگ کا 140 سال پرانا قبائلی نظام کیوں ختم کیا جا رہا ہے؟
خیال رہے کہ ایدھی چوک کے ساتھ ہی سول سیکریٹریٹ اور افغان قونصلیٹ واقع ہیں جبکہ اس دھماکے کی وجہ سے اس چوک پر نصب عبدالستار ایدھی کے مجسمے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
اس دھماکے سے اندازاً آدھے کلومیٹر کے فاصلے پر دیبہ کے علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے بتایا کہ دھماکہ اتنا شدید تھا انھیں ایسا لگا جیسے گھر کی چھت ان پر آکر گرے گی۔
ریڈزون کے قرب و جوار کے علاقوں سے دوپہر ایک بجے تک فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں جبکہ اس دوران مختلف علاقوں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
کوئٹہ شہر میں بیک وقت ایک بڑے علاقے میں حملوں اور مسلح افراد کی موجودگی کا یہ واقعہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا۔
ان حملوں کی وجہ سے 9 بجے کے قریب موبائل فون پر انٹرنیٹ کی سروس معطل کردی گئی جبکہ کوئٹہ اور دیگر شہروں کے درمیان ٹرین سروس بھی معطل رہی۔
حملوں سے متاثرہ علاقوں میں لوگ اپنے گھروں میں محصور رہے جبکہ کوئٹہ شہر میں باہر سے آنے والے افراد کو داخلی راستوں پر روکا گیا جس سے لوگوں کو شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مستونگ میں کیا ہوا؟
مستونگ بلوچستان میں ضلع کوئٹہ سے متصل ضلع ہے اور یہ دارالحکومت سے کوئٹہ سے جنوب مغرب میں تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
مستونگ کے ایک سینیئر سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مستونگ شہر میں صبح چھ بجے مسلح افراد کی ایک بڑی تعداد نے مختلف مقامات پر حملہ کیا جو سہہ پہر تک جاری رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے مستونگ جیل پر بھی حملہ کیا اور اس حملے کے نتیجے میں جیل سے 27 قیدی فرار ہوگئے۔
سرکاری اہلکار کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے دو نجی بینکوں کو بھی نذرآتش کیا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں بتا سکتے کہ حملہ آور ان بینکوں سے رقوم لوٹ کر لے جانے میں کامیاب ہوئے ہیں یا نہیں۔
سینیئر سرکاری اہلکار کے مطابق ان حملوں میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوا ہے جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ جوابی کاروائی میں پانچ حملہ آور بھی مارے گئے۔
قلات میں مختلف مقامات پر حملے
ضلع مستونگ سے متصل کوئٹہ کراچی ہائی وے کے ساتھ واقع قلات شہر میں بھی سنیچر کی صبح نامعلوم مسلح حملہ آور داخل ہوئے۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک پولیس اہلکار نے فون پر بی بی سی کے نامہ نگار محم کاظم کو بتایا کہ قلات شہر میں مسلح حملہ آوروں نے سٹی اور صدر پولیس سٹیشنوں پر حملہ کیا جس میں چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ قلات شہر میں حملوں کا سلسلہ صبح پانچ بجے قریب شروع ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اندازاً دو گھنٹے تک دھماکوں کے علاوہ شدید فائرنگ آوازیں آتی رہیں جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
قلات کوئٹہ سے جنوب مغرب میں اندازاً ڈیڑھ سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
نوشکی میں حملے، ڈپٹی کمشنر یرغمال
سنیچر کے روز کوئٹہ شہر سے مغرب میں اندازاً 150 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع نوشکی شہر کے مختلف مقامات پر بھیمسلح افراد کی بڑی تعداد نے حملہ کیا۔
سرکاری حکام نے بتایا کہ حملہ آوروں نے جیل، سی ٹی ڈی کے دفتر اور پولیس لائن پر حملے کرنے کے علاوہ ڈپٹی کمشنر کے گھر میں بھی داخل ہوئے۔
جیل پر حملے میں بعض اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ سی ٹی ڈی کے دفتر میں حملہ آوروں کے داخلے کی بھی ایک ویڈیو وائرل ہے۔
ایسی اطلاعات ہیں کہ حملہ آور سی ٹی ڈی کے دفتر سے اسلحہ بھی لے گئے ہیں تاہم سرکاری سطح پر اس خبر کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
حملہ آور نوشکی شہر کے مغرب میں سکیورٹی فورسز کے ہیڈکوارٹر قریب واقع ڈپٹی کمشنر کے گھر میں بھی داخل ہوئے۔
کوئٹہ میں ایک سینیئر سرکاری اہلکار نے بتایا کہ حملہ آوروں نے ڈپٹی کمشنر نوشکی کو یرغمال بنایا اور بعد میں انھیں اپنے ساتھ لے گئے۔
جب نوشکی میں ایک پولیس آفیسر سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ اس کی تصدیق نہیں کرسکتے کہ ڈپٹی کمشنر کو مسلح افراد نے چھوڑ دیا ہے کہ نہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ حملہ آوروں نے شہر میں ایک سرکاری بینک کو بھی نذرآتش کیا۔
خاران میں قبائلی رہنما کے گھر پر حملہ
خاران ضلع نوشکی سے متصل ضلع ہے اور یہ کوئٹہ سے اندازاً تین سو کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مغرب میں واقع ہے ۔
سینیچر کی صبح نامعلوم مسلح افراد کی ایک بڑی تعداد نے خاران شہر کے مختلف علاقوں میں حملے کیے۔
رابطہ کرنے پر ایک پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کی جانب سے بینکوں کے علاوہ مختلف مقامات پر سرکاری املاک کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگل روڈ پر سرکار کے حامی ایک قبائلی شخصیت اور ملازئی قومی اتحاد کے سربراہ میر شاہد گل ملازئی کے گھر پر بھی حملہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حملے میں شاہد گل ملازئی سمیت سات افراد ہلاک ہو گئے۔
رابطہ کرنے پر بعض عینی شاہدین نے بتایا کہ حملہ آوروں نے شاہد گل ملازئی کے گھر اور وہاں موجود گاڑیوں کو بھی نذرآتش کیا۔
خیال رہے کہ چند روز کے اندر خاران شہر میں یہ اپنی نوعیت کا دوسرا بڑا حملہ تھا۔ اس سے قبل ہونے والے حملے میں سٹی پولیس سٹیشن اور بینکوں پر حملے کیے گئے تھے۔
دالبندین، گوادر اور پسنی میں مختلف مقامات پر حملے
سرحدی ضلع چاغی کے ہیڈکوارٹر دالبندین کی سرحدیں نوشکی اور خاران سے لگتی ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ صبح ساڑھے پانچ بجے کے قریب دالبندین میں حملہ کیا گیا اور سکیورٹی فورسز کے کیمپ کی جانب سے شدید فائرنگ کی آوازیں آتی رہیں جو دوپہر تک جاری رہیں۔
نیٹ ورک کے مسائل کی وجہ سے وہاں سرکاری حکام سے رابطہ نہ ہونے کے باعث نقصانات کے بارے میں معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال کے آخر میں ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں بھی سیکورٹی فورسز کے ایک کیمپ پر حملہ کیا گیا تھا۔
چاغی نہ صرف ایک اہم سرحدی ضلع ہے بلکہ معدنی وسائل سے مالا مال اس ضلع میں معدنیات کے بڑے پراجیکٹس بھی چل رہے ہیں۔
بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں بھی مسلح افراد نے مختلف مقامات پر حملہ کیے۔
اس سلسلے میں معلومات کے حصول کے لیے ڈپٹی کمشنر گوادر سے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن انھوں نے کال وصول نہیں کی۔
تاہم گوادر کے مقامی صحافیوں نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے گوادر میں تین مقامات کو نشانہ بنایا گیا جن میں نگوری وارڈ ، لیبر کیمپ اور پرانے کیسکو کے دفتر میں سورگ دل کے علاقے شامل تھے۔
سیکورٹی ذرائع نے گوادر میں لیبر کیمپ میں پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ان افراد کا تعلق خضدار سے بتایا جاتا ہے۔
گوادر شہر میں ان مقامات پر حملوں کے علاوہ ضلع گوادر کے شہر پسنی میں بھی سرکاری حکام نے وفاقی سکیورٹی فورسز کے ایک کیمپ پر حملے کی تصدیق کی ہے۔
تربت اور ضلع کیچ کے دیگر شہروں میں حملے
ضلع گوادر سے متصل ضلع کیچکے ہیڈکوارٹر تربت میں بھی دو مقامات پر حملے ہوئے۔
مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ تربت میں سکیورٹی فورسز کے ایک کیمپ پر حملے کے علاوہ آبسر کے علاقے سے دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں میں کسی سویلین کے نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔
انتظامیہ کے اہلکار نے بتایا کہ ضلع کیچ میں تمپ کے علاقے میں دو گھروں پر راکٹ گرنے سے چھ سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ضلع کیچ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بعض دیگر شہروں میں بھی مسلح افراد نے بازاروں میں گشت کیا۔
سبی شہر سے بھی دھماکوں اور فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں اگرچہ کسی حملے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم سرکاری حکام اور مقامی لوگوں کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے مچھ شہر میں مساجد سے یہ اعلان کرایا گیا کہ لوگ اپنے گھروں سے نہ نکلیں۔
’کوئٹہ کے اندر حملے پیغام ہے کہ ہم جہاں چاہیں آ سکتے ہیں‘
واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف شہروں میں ہونے والے حالیہ منظم حملے پہلا موقع نہیں جب صوبے کے مختلف شہروں میں بیک وقت مسلح افراد داخل ہوئے، پولیس کو نشانہ بنایا گیا، سرکاری اور سکیورٹی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا ہو اور خود کش حملے بھی کیے گئے ہوں۔
تاہم حالیہ حملوں میں پہلی مرتبہ یہ دیکھنے میں آیا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے اندر بھی ہوئی ہیں۔ کوئٹہ کے اندر ایک علاقے میں علی الصبح ایک زوردار دھماکہ سنائی دیا جس کے بعد شہر کے ریڈ زون کو سیل اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
کوئٹہ کو نسبتاً محفوظ تصور کیا جاتا ہے اور شہر کو محفوظ بنانے کے لیے اس کے اردگرد سکیورٹی چیک پوسٹس وغیرہ کی مدد سے حصار قائم کیا گیا ہے۔ شہر کے اندر بھی مختلف مقامات پر چیک پوسٹس موجود ہیں۔
کوئٹہ کے اندر حالیہ حملے کیا یہ ظاہر کرتے ہیں کہ یہ کوئی سکیورٹی یا انٹیلیجنس کا نقص ہو سکتا ہے۔
BBC
محمد شعیب اسلام آباد کی قائداعظم یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ریلیشنز کے شعبے سے منسلک ہیں۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے شہر اس قدر زیادہ پھیل چکے ہیں کہ اس نوعیت کا ’فیلیئر‘ کہیں بھی حتیٰ کہ اسلام آباد میں بھی ہو سکتا ہے۔
ان کے خیال میں اس کے برعکس جتنی جلدی حملہ آور مارے گئے ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سکورٹی ادارے زیادہ بہتر طور پر تیار تھے۔
’جتنی جلدی ویڈیوز اور تصاویر سامنے آئیں اس سے لگتا ہے کہ سکیورٹی فورسز اس کے فال آوٹ کو کنٹرول کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انھوں نے پہلے والے حملوں سے کچھ سبق سیکھا اور وہ شاید اس طرح کے حملوں کے لیے تیار تھے۔‘
تاہم محمد شعیب کہتے ہیں کہ ایسا واقعتاً پہلی مرتبہ دیکھنے میں آیا کہ یہ حملے صوبائی دارالحکومت کے اندر تک ہوئے جو ایک بڑی پیشرفت ہے۔
’کوئٹہ میں ان کا آنا بڑی سٹیٹمنٹ ہے۔ یہ ان کی طرف سے ایک پیغام ہے کہ ہم جہاں چاہیں آ سکتے ہیں۔ کوئٹہ کے باہر سے لوگ اس کی توقع نہیں کر رہے ہوتے۔ کوئٹہ کی سکیورٹی کو نسبتاً مضبوط تصور کیا جاتا ہے۔‘
محمد شعیب کہتے ہیں کہ حالیہ حملوں میں مختلف شہروں میں جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا، ان کا مشاہدہ کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ ہر ضلع میں زیادہ تر بڑے حکومتی اور سکیورٹی اداروں کے دفاتر اور عمارتوں کو ٹارگٹ کیا گیا۔
تاہم محمد شعیب کے خیال میں کوئٹہ تک ان حملوں کا پہنچنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ ایسے حملے کرنے والوں کی حمایت عام آدمی تک سرایت کر چکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’اس موومنٹ کا اتنے لمبے عرصے تک چل جانا ہی اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ معاملہ زیادہ پیچیدہ ہے۔‘
ان کے خیال میں بلوچستان میں سکیورٹی کا سب سے بڑا چیلنج سیاسی ہے۔ ’آپ کو دل اور دماغ جیتنے ہیں۔ صرف لڑائی نہیں کرنی۔ لڑائی تو آخری چارہ ہونا چاہیے۔‘
’کوئٹہ تک اتنے منظم حملے مقامی حمایت کے بغیر کرنا ناممکن ہیں‘Getty Images
دوست محمد بریچ بلوچستان میں مقیم تجزیہ کار ہیں۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگست 2024 میں ہونے والے گزشتہ حملوں کی طرح حالیہ حملے بھی منظم اور بڑے پیمانے پر تھے اور یہ پہلی مرتبہ کوئٹہ تک پہنچتے بھی دکھائی دیے۔
وہ بھی اس خیال سے اتفاق کرتے ہیں کہ ’کوئٹہ تک اتنے منظم حملے مقامی حمایت کے بغیر کرنا ناممکن ہیں۔ مقامی لوگوں کی ہمدردیاں ملے بغیر اتنے بڑی پیمانے پر حملے کرنا ممکن نہیں۔‘
دوست محمد بریچ بھی اس خیال سے بھی متفق ہیں کہ ریاست کے لیے بڑا چیلنج مقامی لوگوں کے دل و دماغ جیتنا ہے۔
’اگر بڑے پیمانے پر آپریشن ہوں گے تو لوگوں کی شکایات بڑھیں گی۔ ایک گوریلا وار کے اندر لوگ یا عام آدمی کی حمایت ہی اصل انعام یا جیت ہے۔‘
وہ سمجھتے ہیں کہ ریاست عام آدمی کا دل و دماغ جیتنے کی کوشش کر بھی رہی ہے تاہم یہ وقت طلب کام ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ اسے نچلی سطح تک پہنچایا جائے۔
انھوں نے بتایا کہ مثال کے طور پر صوبائی حکومت نے جو اقدامات کیے ہیں ان میں بلوچستان سپیشل ڈویلپمنٹ، بلوچستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ، بلوچستان یوتھ پالیسی 2024، بینظیر سکالرشپ اور بلوچستان کے لیے ٹیکنیکل اور فنی تعلیم کے ادارے کے قیام جیسی چیزیں شامل ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ یہاں ایک ہی میٹروپولیٹن شہر یعنی کوئٹہ ہے۔
’اگر مزید اربن سینٹر بنیں گے تو توجہ کا مرکز صرف کوئٹہ نہیں ہو گا اور لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے کیے جانے والی کوششیں کوئٹہ سے باہر بھی پہنچ پائیں گی اور نظر بھی آئیں گی۔‘
تجزیہ نگار دوست محمد بریچ سمجھتے ہیں کہ حالیہ حملے ایک اور زاویے کو بھی ظاہر کرتے ہیں جو قیمتی پتھروں کی موجودگی ہے۔ ان کے خیال میں دنیا کی دونوں بڑی طاقتوں امریکہ اور چین کی نظریں ان قیتمی پھتروں اور معدنیات پر مرکوز ہیں۔
اور سامنے آنے والی چند حالیہ ویڈیوز یہ ظاہر کرتی ہیں کہ کالعدم بی ایل اے اس طرح کی کارروائیوں سے یہ پیغام ان طاقتوں کو بھی دینا چاہتی ہے کہ بلوچستان کے قیمتی پتھروں اور معدنیات تک رسائی ان کی مرضی کے بغیر نہیں ہو گی۔
’پڑھے لکھے لوگ پرانے جنگجووں کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ثابت ہوتے ہیں‘
قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ انٹرنیشنل ریلیشنز کے معلم محمد شعیب کہتے ہیں کہ ریاست کے لیے ایک چیلنج یہ بھی ہے کہ علیحدگی پسند تحریکیں بھی ان دنوں سوشل میڈیا کا استعمال کر رہی ہیں جہاں وہ قوم پرستی وغیرہ کا پرچار کرتی نظر آتی ہیں۔
اس سے متاثر ہو کر متوسط طبقے کے پڑھے لکھے لوگ ان کے ساتھ چلے جاتے ہیں۔ محمد شعیب کے خیال میں یہ پڑھے لکھے لوگ پرانے جنگجووں کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ثابت ہوتے ہیں کیونکہ یہ نظریاتی طور ہر متحرک ہوتے ہیں۔
’پرانے جنگجنووں کے مقابلے جو بس بندوق اٹھا کر آ جاتے تھے لڑنے کے لیے، یہ پڑھے لکھے جنگجو ہتھیاروں اور مواد کے استعمال میں بھی زیادہ ہوشیار ہیں۔‘
محمد شعیب کہتے ہیں کہ ریاست بظاہر بلوچوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرتی دکھائی دے رہی ہے تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ پہلے ان کے مسائل کی نوعیت کو سمجھا جائے۔ یہ دیکھنے کی بھی ضرورت ہے کس قسم کے لوگ تحریک میں جا رہے ہیں۔
’مقامی مسائل کے حل بھی مقامی ہونے چاہیے۔ مرکز کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ دور سے بیٹھ کر بلوچستان کے مسائل کا اندازہ لگانے کی کوشش کرتا ہے جو بہت مشکل ہے۔‘
وہ کہتے ہیں کہ اظہار رائے کی آزادی کا ایک فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو معلوم ہوتا رہتا ہے کہ لوگوں کو کیا شکایات ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ریاست کو بلوچستان میں اس اظہار کے لیے مزید پلیٹ فارمز دینے کی بھی ضرورت ہے جو بنیادی طور پر مقامی نوعیت کے ہوں۔
’ایک بچے کے جانے سے ساری زندگی بدل گئی‘: پاکستان میں 2025 ایک دہائی کا سب سے خونی سالنوکُنڈی میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ اور سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی: ’یہ ایک خوفناک رات تھی‘جعفر ایکسپریس پر حملہ کیسے ہوا؟ شدت پسندوں سے لڑنے والے پولیس اہلکار کے مغوی بننے سے فرار تک کی کہانی’ایسی مٹھائی کھلاؤں گا کہ زندگی بھر یاد رکھو گے‘: وہ وکیل جو دوستوں کے ساتھ خوشی منانے کے بعد اسلام آباد میں خودکش حملے کا نشانہ بن گئے