’یہ عبادت کی جگہ ہے، میدان جنگ نہیں‘: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں مسجد پر حملے کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟

بی بی سی اردو  |  May 19, 2026

EPA

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو کی ایک مسجد میں فائرنگ سے تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کا خیال ہے کہ فائرنگ دو نو عمر حملہ آوروں نے کی۔

پیر کی صبح پولیس کو کال موصول ہوئی کہ ایک نو عمر لڑکا گھر سے بھاگ گیا ہے جو ممکنہ طور پر خودکشی کا رجحان رکھتا ہے۔ ابھی پولیس اس معاملے کی تفتیش کر ہی رہی تھی کہ فائرنگ کا واقعہ پیش آ گیا۔

مقامی وقت کے مطابق دن 11 بج کر 43 منٹ پر پولیس کو اسلامک سینٹر آف سان ڈیاگو میں فائرنگ کی اطلاع ملی۔ عمارت کے سامنے تین افراد کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اس کے فوراً بعد انھیں ایک اور کال موصول ہوئی کہ قریب ہی ایک گاڑی سے ایک شخص پر بھی فائرنگ کی گئی ہے۔ جب پولیس افسران دوسرے مقام پر پہنچے تو انھوں نے دیکھا کہ 17 اور 18 سال عمر والے دو مشتبہ افراد خود کو لگائے گئے زخموں کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک سکیورٹی گارڈ بھی شامل تھے جو اس مرکز میں کام کرتے تھے اور اگر وہ اپنا کردار ادا نہ کرتے تو حملہ ’زیادہ سنگین‘ ہو سکتا تھا۔

سان ڈیاگو کے پولیس چیف سکاٹ وال نے ایک پریس کانفرنس میں کہا: ’یہ کہنا بجا ہے کہ انھوں (سکیورٹی گارڈ) نے بہادری کا مظاہرہ کیا اور جانیں بچائیں۔‘

حکام نے ابھی تک تینوں متاثرین کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ تاہم بی بی سی کے امریکی شراکت دار ادارے سی بی ایس کو سکیورٹی گارڈ سے واقف ایک شخص نے بتایا کہ وہ آٹھ بچوں کے باپ تھے۔

EPA

ایف بی آئی کے مطابق اس واقعے کی تفتیش ایک نفرت پر مبنی جرم کے طور پر کی جا رہی ہے، کیونکہ مشتبہ افراد میں سے ایک کی والدہ کو کچھ تحریریں ملی تھیں۔

سان ڈیاگو کے پولیس چیف سکاٹ وال نے پیر کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پولیس کو پہلی بار صبح 11 بج کر 43 منٹ پر اسلامی مرکز بلایا گیا اور وہاں انھوں نے ’سامنے تین افراد دیکھے جو بظاہر ہلاک ہو چکے تھے۔‘

حملے سے پہلے، مقامی وقت کے مطابق نو بج کر 42 منٹ پر ایک مشتبہ شخص کی والدہ نے پولیس کو کال کی اور بتایا کہ جب ان کا بیٹا گھر سے نکلا تو وہ ان کی کئی بندوقیں اور گاڑی بھی ساتھ لے گیا۔

خاتون نے بتایا کہ ان کا بیٹا ایک ساتھی کے ساتھ گیا تھا اور دونوں نے کیموفلاج لباس پہن رکھا تھا۔ نوجوان کی جانب سے چھوڑے گئے ایک نوٹ میں ’نفرت پر مبنی عمومی بیانات‘ شامل تھے۔

وال نے کہا کہ خودکشی کا رجحان رکھنے والے شخص کا عام طور پر جو رویہ ہوتا ہے، پولیس کو مشتبہ شخص کا رویہ ’اس کے مطابق نہیں لگا۔‘

تفتیش کار پھر ایک مقامی ہائی سکول گئے جہاں نو عمروں میں سے ایک زیر تعلیم تھا، اور اس شاپنگ مال میں بھی گئے جہاں گاڑی کا سراغ ملا۔

Anadolu via Getty Images’جس عمارت سے گولی چلائی گئی اس میں پولیس اہلکار تعینات تھے‘: سخت سکیورٹی کے باوجود ٹرمپ پر حملہ کیسے ممکن ہوا؟ٹرمپ کے قتل کی کوشش کا الزام: واشنگٹن میں حملہ آور کی چار سیکنڈ میں سکیورٹی حصار عبور کرنے کی نئی ڈرامائی فوٹیج جاری’حساس ریسرچ سے منسلک دس امریکی سائنسدانوں‘ کی اموات اور گمشدگی سے جڑے سازشی نظریات کی حقیقت کیا ہے؟سیاحوں کی بڑی تعداد امریکہ جانے سے کیوں کترا رہی ہے؟

وال نے مزید کہا کہ حملے کا مقصد فی الحال معلوم نہیں، لیکن مسجد جس جگہ واقع تھی اور اسے جو نمایاں مقام حاصل تھا، اس کے پیش نظر اسے نفرت پر مبنی جرم تصور کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مشتبہ نوجوان کے چھوڑے گئے نوٹ میں مسجد یا کسی اور مقام یا فرد کے خلاف کوئی مخصوص دھمکی نہیں تھی۔

جب فائرنگ ہوئی تو افسران اُس وقت مشتبہ شخص کی والدہ سے بات چیت میں مصروف تھے اور مسجد سے صرف چند بلاکس کے فاصلے پر تھے۔

مسجد پہنچنے پر جب انھوں نے عمارت کے باہر گولیوں سے زخمی تین افراد کو دیکھا تو اندر داخل ہو کر حملہ آور سے نمٹنے کے طریقۂ کار پر عمل شروع کیا۔

جب وہ کمروں کی تلاشی لے رہے تھے تو قریب ہی مزید فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

مشتبہ افراد نے مبینہ طور پر اپنی گاڑی سے ایک مالی پر فائرنگ کی، جو زخمی نہیں ہوئے۔ وال نے کہا کہ ممکن ہے مالی کو سر پر نشانہ بنایا گیا ہو، لیکن ہیلمٹ کی وجہ سے وہ بچ گئے ہوں۔ تاہم اس کی تصدیق ابھی باقی ہے۔

جب پولیس دوسرے مقام پر پہنچی تو انھیں دونوں مشتبہ افراد کی لاشیں ملیں۔

اسلامی سینٹر کے کیمپس میں الرشید سکول واقع ہے، جہاں مذہب اور زبان کے کورسز کرائے جاتے ہیں۔ پیر کو واقعے کے وقت بچے بھی وہاں موجود تھے۔

ایف بی آئی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی کوئی بھی معلومات فراہم کریں جو تحقیقات میں مددگار ثابت ہو سکیں۔

بی بی سی کے امریکی شراکت دار ادارے سی بی ایس نیوز سے بات کرنے والے ایک عینی شاہد نے کہا کہ انھوں نے 30 گولیوں کی آواز سنی، اور آواز سے معلوم ہوتا تھا جیسے یہ گولیاں کسی ’نیم خود کار ہتھیار‘ سے چلائی جا رہی ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ پہلے تقریباً ایک درجن گولیاں چلائے جانے کی آواز آئی، پھر وقفہ ہوا، اور اس کے بعد ممکنہ طور پر مزید ایک درجن گولیاں چلیں۔

یہ عینی شاہد اپنی نوکری سے ریٹائر ہو چکے ہیں اور گھر میں دوپہر کا کھانا کھا رہے تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ انھوں نے 911 پر کال کی اور پولیس ’پانچ سے 10 منٹ‘ میں پہنچ گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ تعطیلات کے دوران مسجد بہت مصروف ہو جاتی ہے۔

عینی شاہد نے مزید کہا: ’یہ اچھی بات ہے کہ واقعہ جمعہ کو نہیں پیش آیا، کیونکہ اس روز سڑکیں لوگوں سے بھری ہوتی ہیں۔‘

Getty Images

اسلامک سینٹر آف سان ڈیاگو کے ڈائیریکٹر امام طہٰ حسنی نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا: ’عبادت کی جگہ کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔ یہ مرکز عبادت کی جگہ ہے، میدان جنگ نہیں۔‘

وہاں رہنے والی مسلم برادری اس وقت بڑی عید کی تیاری کر رہی ہے۔

کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزم نے ایک بیان میں کہا کہ ایسا مرکز ’جہاں خاندان اور بچے جمع ہو کر امن اور بھائی چارے سے عبادت کرتے ہیں‘ وہاں پُر تشدد حملے پر وہ ’شدید صدمے میں‘ ہیں۔

نیوزم نے مزید کہا کہ ریاست ’مذہبی برادریوں کے خلاف دہشت یا دھمکی کے اقدامات کو برداشت نہیں کرے گی۔‘

پیر کو اس فائرنگ کے بارے میں پوچھے جانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے ایک ’خوفناک صورتحال‘ قرار دیا۔

انھوں نے وائٹ ہاؤس کی ایک تقریب کے دوران کہا: ’مجھے ابتدائی معلومات دی گئی ہیں، لیکن ہم اس کا نہایت سنجیدگی سے جائزہ لیں گے۔‘

'چھوٹی سی سبیکا شیخ کے بڑے بڑے خواب تھے'مشتبہ حملہ آور کی مبینہ تحریریں اور نئے انکشافات: وائٹ ہاؤس عشائیے میں فائرنگ کرنے والے شخص کے بارے میں اب تک ہم کیا جانتے ہیں؟ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے بعد ’ڈرامہ رچانے‘ اور ’ڈیپ سٹیٹ‘ سے جڑے سازشی نظریات کیوں گردش کرنے لگے؟ٹرمپ کے قتل کا منصوبہ اور گرفتار پاکستانی شہری کی عدالت میں پیشی: ’میرے پاس اور کوئی راستہ نہیں تھا‘ٹرمپ کے حامی چارلی کرک کا قتل: پولیس 33 گھنٹوں میں ملزم تک کیسے پہنچی؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More