سوشل میڈیا راتوں رات کسی کی زندگی کیسے بدل سکتا ہے، اس کی حالیہ مثال انڈیا میں مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے بھوبن بدایاکار ہیں

اُردو وائر  |  Feb 21, 2022

سوشل میڈیا راتوں رات کسی کی زندگی کیسے بدل سکتا ہے، اس کی حالیہ مثال انڈیا میں مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے بھوبن بدایاکار ہیں۔

بھوبن کا تعلق بیر بھوم ضلع ہے اور وہ وہاں سائیکل پر گھوم پھر کر گلی محلوں میں مونگ پھلی فروخت کیا کرتے تھے۔ مگر مونگ پھلی بیچنے کا ان کا انداز نرالہ تھا کیونکہ وہ گانے کی شکل میں اپنی مونگ پھلی کی تشہیر کیا کرتے تھے۔ ان کا ’کچا بادام‘ گانا اتنا مقبول ہوا کہ اس گانے پر بنی ہر دوسری ویڈیو انسٹاگرام کی ریلز میں اب بھی نظر آتی ہے۔

بھوبن کا تعلق انڈیا میں جس علاقے سے ہے وہاں کچی مونگ پھلی کو ’کچا بادام‘ کہا جاتا ہے۔

اس گانے پر نہ صرف انڈیا والے بلکہ غیر ملکی بھی ڈانس کر رہے ہیں۔ بالی وڈ کی کئی مشہور شخصیات نے بھی ’کچا بادام‘ گانے پر انسٹا ریلز بنائی ہیں۔

کولکتہ کے مقامی اخبار دی ٹیلی گراف انڈیا نے بھوبن سے انھیں راتوں رات ملنے والی شہرت کے بارے میں پوچھا اور یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ اُن کی زندگی کیسے دیکھتے ہی دیکھتے بدل گئی۔

بھوبن کی زندگی کتنی بدل گئی؟

بھوبن کا کہنا ہے کہ انھیں اندازہ نہیں تھا کہ لوگ اس گانے کو اتنا پسند کریں گے۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ سب کچھ ان کی سمجھ سے بالاتر ہے۔ لیکن یہ بھگوان کے فضل اور لوگوں کی محبت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔

وہ اس شخص کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے پہلی بار ان کے گانے کی ویڈیو شوٹ کی اور اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا۔ بھوبن کا کہنا ہے ’میں نہیں جانتا کہ وہ شخص کون تھا لیکن میں اس کے لیے دعاگو ہوں۔‘

بھوبن نے ٹیلی گراف کو اپنے پس منظر اور خاندان کے بارے میں بھی بتایا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’میں بیر بھوم کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھتا ہوں اور میرا خاندان اس گانے کی کامیابی سے بہت خوش ہے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’میں جب بھی گھر سے باہر جاتا ہوں (جیسے میں ابھی پروگرام کے لیے کولکتہ آیا ہوں) میری بیوی بہت پریشان ہو جاتی ہے۔ میرا بیٹا بھی پریشان رہتا ہے کہ میں سفر کیسے کروں گا اور کہاں رہوں گا۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ اگر خدا نے آپ کو راستہ دکھایا ہے تو وہ آپ کی رہنمائی بھی کرے گا۔‘

کچی مونگ پھلیاں بیچنے کے متعلق بھوبن کہتے ہیں ’کچے بادام (مونگ پھلی) بیچنے کے پیچھے بہت سی وجوہات ہیں۔ میرے پاس اسے بھوننے کا وقت نہیں ہوتا تھا اور ویسے بھی کچی مونگ پھلی زیادہ غذائیت سے بھرپور ہوتی ہے اور یہ ہمارے بالوں اور نظامِ ہضم کے لیے بھی اچھی غذا ہے۔‘

وہ کہتے ہیں بھنی ہوئی مونگ پھلی لذیذ ہوتی ہے لیکن کچی مونگ پھلی صحت کے لیے زیادہ بہتر ہے۔

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More