صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تھری ڈی پروجیکشن شو کی تقریب سے خطاب

اے پی پی  |  Aug 06, 2020

اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیری عوام پر تمام تر جبر و استبداد کے باوجود جموں و کشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار نہیں رکھ پائے گا اور کشمیر ضرور آزاد ہوگا۔ وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تھری ڈی پروجیکشن شو کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی اور ارکان پارلیمنٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہماری ذمہ داری ہے، اس حوالے سے ان کی جب بھی کسی عالمی رہنما سے ملاقات ہوئی ہے تو انہوں نے مسئلہ کشمیر کی سنگینی سے انہیں ضرور آگاہی فراہم کی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کے لوگوں کے سفیر کی حیثیت سے اقوام متحدہ سمیت ہر پلیٹ فارم پر ان کا مقدمہ بھرپور طور پر پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا اور مبصرین کو مقبوضہ کشمیر میں دورے کی اجازت دی جانی چاہیے تاکہ وہاں کے زمینی حقائق انہیں معلوم ہو سکیں۔ پاکستان نے آزاد جموں و کشمیر میں عالمی میڈیا اور بین الاقوامی مبصر وفود کو دورے کرنے کی اجازت دی ہوئی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہندوستان نے کرفیو لگا کر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو محصور کر رکھا ہے لیکن وہ کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکے گا۔ عالمی برادری اور بالخصوص مسلمان ممالک کو کشمیری عوام پر مظالم بند کروانے کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت زیادہ عرصہ جموں و کشمیر کے خطہ پر اپنا غیرقانونی قبضہ برقرار نہیں رکھ سکے گا، ہم دیکھیں گے کہ کشمیر ضرور آزاد ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More