انگلینڈ نے دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو ہرادیا

سماء نیوز  |  Oct 23, 2021

ٹی20ورلڈکپ کے سپر12 مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز بآسانی 6 وکٹوں سے ہرادیا۔

دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم انگلش بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی، محض 13ویں اوور میں آل آؤٹ ہوگئی۔

انگلش بولرز نے جارح مزاج ویسٹ انڈیز سائیڈ کو شروع ہی سے کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا اور محض 55 کے مجموعی اسکور پر آل آؤٹ کردیا۔

مختصر ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز بھی اچھا نہ ہوا، اوپنر جیسن رائے 11، جونی بیرسٹو 9، موئن علی 3 اور لیونگسٹن نے 1 رن بناکر پویلین کی راہ لی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اکھیل حسین نے 2 جبکہ روی رام پال نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز بھی پورے کھیلنے میں ناکام رہی، محض 14ویں اوور میں 55 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ اوپنر لیوس 6، لینڈل سیمنز 3، کرس گیل 13، شیمرون ہٹمئیر 9، ڈاؤین براو 5، نکولس پورن 1 اور آندرے رسل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے موئن علی، عادل رشید اور ٹائمل ملز نے 2،2 جبکہ کرس ووکس، کرس جورڈن نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ میں انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

دوسری جانب سپر 12 مرحلے کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

خیال رہے کہ سپر 12 مرحلے میں ہر ٹیم پانچ میچز کھیلے گی اور آخر میں گروپ 1 اور گروپ 2 کی ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More