شعیب اختر کے ساتھ ڈاکٹر نعمان نیاز کی سرکاری ٹی وی چینل پر بدتمیزی ۔۔ کیا نعمان نیاز اپنے کیے پر معافی مانگے گے؟ سوشل میڈیا صارفین کا رد عمل جانیے

ہماری ویب  |  Oct 27, 2021

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو طوفان کی طرح وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کہ پاکستان ٹیلی وژن اسپورٹس کے سینئر اینکر پرسن نعمان نیاز نے پاکستان کے سابق اسٹار فاسٹ باؤلر شعیب اختر کے ساتھ لائیو پروگرام میں بدتمیزی کی۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر شئیر ہوتے ہی وائرل ہوگئی ساتھ ہی لوگوں نے ڈاکٹر نعمان نیاز کو آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بدتمیز قرار دیا۔

اس وقت ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی جاری ہے جس پر پی ٹی وی کا ایک اسپورٹس پروگرام نشر ہو رہا ہے۔ جب شو میزبان نعمان نیاز اور شعیب اختر کے درمیان گرما گرمی شروع ہوئی تو اس دوران پروگرام میں ان کے ساتھ غیر ملکی لیجنڈ کھلاڑی ویون رچرڈز، ڈیوڈ گاور اور سابق پاکستانی کرکٹرز عاقب جاوید، راشد لطیف، عمر گل، اظہر محمود، ثنا میر بھی شریک تھے۔

پروگرام میں ہوا یہ تھا کہ شعیب اختر بےحد مہذب انداز سے گفتگو کررہے تھے جبکہ انہوں نے اپنی بات پر توجہ نہ دینے پر میزبان نعمان نیاز کو توجہ بھی دلائی۔ شعیب اختر نے لاہور قلندرز کی تعریف کرتے ہوئے حارث رؤف کی تعریف کی اور کہا کہ یہ نوجوان لاہور قلندرز کے پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام سے سامنے آیا ہے۔

شعیب اختر کو بظاہر میزبان نعمان نیاز کا ٹوکنا بُرا لگتا ہے اور وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ کوئی کام کے لیے آیا ہے جس پر نعمان نیاز کو یہ کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ ’آپ تھوڑے سے اکھڑ لگے، زیادہ ہوشیار لگے، لہٰذا آپ جا سکتے ہیں۔ میں یہ بات آن ائیر کہہ رہا ہوں۔‘

نعمان نیاز نے یہ کہہ کر گفتگو کا رخ ثنا میر کی طرف موڑ لیا لیکن شعیب اختر نے انھیں روکتے ہوئے کہا ’ایکسکیوز می۔۔۔ ایکسکیوز می۔۔۔ ایکسکیوز می۔‘ اس موقع پر میزبان نے پروگرام میں بریک کا اعلان کیا۔

اس معاملے کی جو دوسری ویڈیو وائرل ہوئی ہے اس میں شعیب اختر بریک سے واپس آنے کے بعد یہ کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ ’میں پی ٹی وی سے مستعفی ہو رہا ہوں۔‘

اس ویڈیو میں شعیب اختر مزید کہتے ہیں کہ ’جس طرح میرے ساتھ قومی ٹی وی پر سلوک کیا گیا، اس لیے میں نہیں سمجھتا کہ مجھے یہاں بیٹھنا چاہیے۔ اس لیے میں مستعفی ہو رہا ہوں۔ شکریہ۔‘

یہ کہہ کر شعیب اختر نے اپنا کالر مائیک اتارا اور چلے گئے۔

شعیب اختر کا پی ٹی وی چینل سے مستعفی ہونے کے بعد ٹوئٹ دیکھیے۔

*کیا قومی ہیرو شعیب اختر کے ساتھ اس طرح کا برتاؤ کرنا نعمان نیاز کو زیب دیتا ہے؟

جیسا کہ معلوم ہے کہ شعیب اختر پاکستان کا وہ نام ہیں جن سے دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے بلے باز کانپا کرتے تھے۔ ان کی تیز رفتار باؤلنگ سے کئی بیٹرز زخمی ہوچکے ہیں۔ کھلاڑیوں کو یہ خوف رہتا تھاکہ اس باؤلر کی وجہ سے کہیں ہمارا کیرئیر خطرے میں نہ پڑ جائے۔

شعیب اختر 163 ایک روزہ انٹرنیشنل جبکہ 46 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ لائیو پروگرام کے دوران نعمان نیاز کی شعیب اختر کے ساتھ بدتمیزی پر لوگوں کا کہنا ہے کہ آپ ہمارے لیجنڈز کے ساتھ ایسا ٹریٹ کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ نعمان نیاز نے جس طرح آن ائیر شعیب اختر کے ساتھ بحث کی ویسے ہی آن ائیر انہیں معافی بھی مانگنی چاہیئے۔

حماد حیدر نامی ٹوئٹر صارف نے شعیب اختر کے حق میں جبکہ نعمان نیاز کے خلاف ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ

جب ہر کوئی پاکستان کی تعریف کر رہا ہے اور ورلڈ کپ میں ٹیم کی شاندار کارکردگی کا اعتراف کر رہا ہے تو آپ نے ایسا کیوں کیا؟ اپنے ہیروز کا احترام کریں۔

اجمل جامی صارف نے لکھا کہ کیا ہم اپنے قومی لیجنڈز کے ساتھ ایسا سلوک کرتے ہیں؟

نعمان نیاز کئی عرصے سے پروگرام کی میزبانی کر رہے ہیں اور اکثر مہمانوں کے ساتھ بیان بازی کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ اس سے قبل بھی وہ مختلف کھلاڑیوں کے ساتھ گفتگو کے دوران غیر مہذب انداز اپنا چکے ہیں لیکن کسی کھلاڑی کی جانب سے انہیں آگے سے جواب نہیں دیا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More