ملتان ٹیسٹ: انگلش بلے باز مسٹری سپنر ابرار کو کھیلنے میں ناکام، 7 آؤٹ

اردو نیوز  |  Dec 09, 2022

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ ملتان میں جاری ہے جس میں ڈیبیو کرنے والے مسٹری سپنر ابرار احمد نے انگلش بلے بازوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

اب سے کچھ دیر پہلے انگلینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنا لیے ہیں۔

جمعے کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ابرار احمد نے آج ٹیسٹ ڈیبیو میں پہلے اوور کی پانچویں بال پر وکٹ حاصل کر لی۔ زیک کرولی کی جگہ اولی پوپ بیٹنگ کرنے آئے۔

انہوں نے بین ڈکٹ کے ساتھ مل کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھانے کی کوشش کی جس میں وہ کسی حد تک کامیاب بھی رہے،  تاہم صورت حال اس وقت بدل گئی جب 63 رنز پر ابرار احمد نے بین ڈکٹ کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔

اس کے بعد آنے والے دو بلے باز بھی ابرار احمد کا شکار ہوئے۔

کھانے کے وقفے پر انگلینڈ نے 180 رنز پر اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز جارحانہ انداز میں کیا لیکن 228 پر ابرار نے بین سٹوکس کو 30 رنز پر کلین بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھا دی۔

231 کے مجموعی سکور پرابرار نے ول جیکس کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے 7ویں وکٹ اپنے نام کی۔

اس سے پہلے ٹاس کے بعد گفتگو میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ ہی کرتے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فہیم اشرف اور ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ نے 74 رنز سے جیت لیا تھا۔

ملتان میں آج شروع ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ 13 دسمبر تک چلے گا جبکہ تیسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں دسمبر سے شروع ہو گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More