بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہاتھ سے ایشیا کپ 2023 کی ہائبرڈ میزبانی بھی نکلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، سری لنکا نے ایونٹ کے انعقاد کیلئے رضا مندی ظاہر کردی۔
پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کے ابتدائی 4 میچز پاکستان اور بقیہ میچز یو اے ای میں کرانے کی تجویز دی تھی تاہم بھارت کا مؤقف ہے کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے نہ پاکستان آئے گی نہ امارات میں ایشیا کپ کھیلے گی جبکہ سری لنکا ایونٹ کے انعقاد کیلئے رضا مند ہے۔
اس حوالے سے بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی بورڈ نے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز مسترد کر دی ہے۔بی سی سی آئی پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کے حق میں نہیں ہے لہٰذا اس سے قبل بی سی سی آئی کے ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرنے کے حوالے سے جو بھی خبریں سامنے آئیں وہ غلط تھیں۔
واضح رہے کہ رواں برس ایشیاکپ کا میزبان پاکستان ہے تاہم بھارتی بورڈ ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کرچکا ہے، بی سی سی آئی کے انکار پر پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا تھا جو اب تک منظور نہیں کیا گیا۔