’ہینڈ شیک تنازع اور ایشیا کپ سے دستبرداری‘، پاکستان کا حتمی فیصلہ آج متوقع

اردو نیوز  |  Sep 17, 2025

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ آیا پاکستان ایشیا کپ سے دستبردار ہوگا یا نہیں، اس حوالے سے حتمی فیصلہ آج کیا جائے گا۔

پی سی بی کی جانب سے گزشتہ رات کو جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی ٹورنامنٹ میں شمولیت کے حوالے سے مشاورت جاری ہے اور پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔

منگل کی شام پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنے میچ سے ایک روز قبل ہونے والی پریس کانفرنس بھی منسوخ کر دی تھی۔

یہ قدم انڈیا کے خلاف شکست کے بعد سامنے آنے والے ’ہینڈ شیک تنازع‘ کے تسلسل میں اٹھایا گیا۔ تاہم، پریس کانفرنس کے بعد شیڈول پاکستان کا ٹریننگ سیشن معمول کے مطابق ہوا۔

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق اگرچہ پی سی بی نے باضابطہ طور پر پریس کانفرنس نہ کرنے کی وجہ نہیں بتائی، لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کی وجہ آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائی ‌کرافٹ سے متعلق تنازع ہے، جنہیں پی سی بی نے باقی ٹورنامنٹ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

انڈیا کے خلاف اتوار کو ہونے والے میچ کے بعد پی سی بی نے پائی‌ کرافٹ کو ذمہ دار ٹھہرایا، کیونکہ انڈین کھلاڑیوں نے ٹاس کے موقع پر اور میچ کے اختتام پر پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا تھا۔ اس احتجاج کے طور پر پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا پوسٹ میچ پریزینٹیشن میں شریک نہیں ہوئے مگر کوچ مائیک ہیسن نے بعد ازاں پریس کانفرنس میں شرکت کی۔

پی سی بی کا مؤقف ہے کہ پائی ‌کرافٹ نے سلمان آغا کو بتایا تھا کہ ٹاس پر ہاتھ نہیں ملائے جائیں گے، جو ایم سی سی قوانین کے خلاف ہے۔ آئی سی سی کے جنرل مینیجر وسیم خان کو بھیجی گئی شکایت میں کہا گیا کہ پائی ‌کرافٹ کا یہ اقدام قوانین اور ’سپرٹ آف کرکٹ‘ کی خلاف ورزی ہے، اور ان پر زور دیا گیا کہ انہیں باقی ایشیا کپ میچز سے ہٹا دیا جائے۔

رپورٹس کے مطابق (اگرچہ پی سی بی یا اس کے چیئرمین محسن نقوی نے باضابطہ طور پر اس کی تصدیق نہیں کی) پاکستان اس مطالبے کے پورا نہ ہونے کی صورت میں ٹورنامنٹ سے دستبرداری پر غور کر رہا ہے۔

یہ واضح نہیں کہ آئی سی سی نے پی سی بی کی شکایت کا جواب دیا ہے یا نہیں اور ایک عہدیدار نے عندیہ دیا ہے کہ اس مطالبے کو تسلیم کیے جانے کا امکان نہیں۔ فی الحال پائی ‌کرافٹ بدھ کو پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ کے لیے میچ ریفری کے طور پر مقرر ہیں۔ یہ دونوں ٹیموں کے لیے ’ڈوُ اور ڈائے‘ کی صورتحال ہے، کیونکہ ہارنے والی ٹیم ایشیا کپ سے باہر ہو جائے گی۔

پی سی بی نے موقف اختیار کیا کہ ریفری اینڈی پائی کروفٹ کو ٹورنامنٹ سے ہٹا دیا جائے۔ (فوٹو: آئی سی سی)آئی سی سی نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ آیا پائی‌کرافٹ نے واقعی کپتانوں کو ٹاس پر ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت دی تھی یا نہیں۔ تاہم آئی سی سی کا معمول ہے کہ میچ آفیشلز سے متعلق معاملات پر عوامی طور پر کوئی بیان جاری نہ کیا جائے۔

ایشیا کپ کے لیے دو میچ ریفری مقرر ہیں، رچی رچرڈسن اور اینڈی پائی‌کرافٹ۔ پائی‌کرافٹ پیر کو دبئی میں ہانگ کانگ اور سری لنکا کے درمیان میچ میں بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔

اتوار کا میچ انڈیا اور پاکستان کے درمیان مئی کے بعد پہلا مقابلہ تھا، جب دونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی ہوئی تھی۔ اس عرصے میں میچ کے انعقاد پر غیر یقینی کی کیفیت رہی اور انڈیا میں کئی حلقوں نے اس کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔

معاملہ اس وقت واضح ہوا جب انڈین حکومت نے اپنی باضابطہ پالیسی کا اعلان کیا کہ پاکستان کے ساتھ صرف کثیر الملکی ایونٹس میں کھیلنے کی اجازت ہوگی لیکن دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی جائے گی۔

یہ مسئلہ دوبارہ آئندہ اتوار کو بھی اُٹھ سکتا ہے، پاکستان کو سپر فور میں رسائی کے لیے یو اے ای کو شکست دینا لازمی ہے اور اگر وہ کامیاب ہوتا ہے تو 21 ستمبر کو دبئی میں ایک بار پھر انڈیا سے مقابلہ کرے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More