ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ابھی بدمزگی باقی ہے اب اسپورٹس کا ایک اور بڑا مقابلہ ہونے جا رہا ہے۔پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور بھارت کے دفاعی چیمپئن نیرج چوپڑا آج ٹوکیو میں جاری ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں مد مقابل ہوں گے۔
چیمپئن شپ کے قواعد کے مطابق فائنل میں جگہ بنانے کے لیے ایتھلیٹس کو کم از کم 85.50 میٹرز کا تھرو کرنا ہوگا۔ نیرج چوپڑا اس ایونٹ کے دفاعی چیمپئن ہیں جبکہ ارشد ندیم گزشتہ برس پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیت چکے ہیں۔
ارشد ندیم انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد اب بڑی کامیابی کے لیے پُرعزم ہیں۔ وہ پیرس اولمپکس کے بعد ایشین ایتھلیٹک چیمپئن شپ میں شریک ہوئے تھے جہاں انہوں نے سونے کا تمغہ جیتا تھا اس کے بعد انہوں نے مکمل فٹنس کے لیے بریک لیا۔ دوسری جانب نیرج چوپڑا ورلڈ چیمپئن شپ سے قبل متعدد ڈائمنڈ لیگ مقابلوں میں حصہ لے چکے ہیں۔
جیولن تھرو کے فائنل مقابلے ہفتے کو منعقد ہوں گے جہاں شائقین کو ایک بار پھر ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔