سائبر کرائم کا مقدمہ، اسلام آباد میں صحافی خالد جمیل گرفتار

اردو نیوز  |  Sep 22, 2023

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے مقامی صحافی خالد جمیل کو حراست میں لیا ہے۔

خالد جمیل پاکستانی نیوز چینل اے بی این سے منسلک ہیں۔

جمعرات کی شب دیر گئے ایف آئی اے کی جانب سے خالد جمیل کی ایک تصویر جاری کی گئی جس کے مطابق صحافی اُن کی تحویل میں ہیں۔

خالد جمیل پر پیکا قانون کے سیکشن 20 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

صحافی کے خلاف مقدمہ 20 ستمبر کو درج کیا گیا تھا جس میں پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) کا سیکشن 20 لگایا گیا ہے۔

اس سے قبل اے بی این نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خالد جمیل کے اہلخانہ نے کہا کہ ’گھر میں 15 سے 20 لوگ گھسے اور اُن کو ساتھ لے گئے۔‘

پاکستان میں صحافتی تنظیموں کے رہنماؤں نے خالد جمیل کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔

خیال رہے کہ پیکا قانون سنہ 2022 کے جنوری میں عمران خان حکومت نے بنایا تھا۔ 

وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ میں شامل وزیر قانون فروغ نسیم نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’پیکا آرڈیننس کے تحت جعلی یا جھوٹی خبر دینے والے کی ضمانت نہیں ہو گی اور کسی کو بھی استثنیٰ حاصل نہیں ہو گا۔‘

انہوں نے کہا تھا کہ ’جعلی خبروں کا قلع قمع کرنے کے لیے قانون بڑا ضرروی ہے، اس لیے اب فیک نیوز پھیلانے والوں کو تین سال کی جگہ پانچ سال سزا ہو گی۔‘

فروغ نسیم نے کہا تھا کہ ’یہ جرم قابل ضمانت نہیں ہو گا اور اس میں بغیر وارنٹ گرفتاری ممکن ہو گی۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More